پی سی بی کی جانب سے خراب کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری

پی سی بی نے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں 10 فیصد اضافہ پر غور شروع کر دیا‘ دورہ بنگلہ دیش کے بعد اعلان متوقع

منگل 21 اپریل 2015 17:15

پی سی بی کی جانب سے خراب کارکردگی کے باوجود کھلاڑیوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21اپریل۔2015ء) ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی پلیئرز کے معاوضوں میں اضافے کا سوچنے لگا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت ماہانہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ دوسری جانب ورلڈ کپ سے گرین شرٹس کو 4 لاکھ 80 ہزار ڈالر اور آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن پر ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر ملنے والے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتہائی خراب کارکردگی کے باوجود قومی کرکٹرز کی تجوریاں بھرتی چلی جا رہی ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت وہ پہلے ہی لاکھوں میں کھیلتے تھے مگر پیسے کی لالچ ختم نہ ہوئی، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے ون ڈے قائد اظہر علی کیساتھ معاوضوں میں اضافے کیلئے بورڈ حکام سے بات کی تھی، حالانکہ پلیئرز اس وقت مضبوط پوزیشن میں نہیں ہیں مگر اس کے باوجود بورڈ نے ان کا مطالبہ تسلیم کر لیا، سب کی ماہانہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا امکان جبکہ میچ فیس وغیرہ کے بارے میں غور جاری ہے۔

(جاری ہے)

بورڈ نے گذشتہ برس جون میں ایک برس کے کنٹریکٹ کا اعلان کیا تھا جو جنوری سے دسمبر تک لاگو رہا، ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل پلیئرز کو مزید تین ماہ کے معاہدوں کی پیشکش ہوئی جس پر کسی نے دستخط نہ کیے، اب نئے کنٹریکٹ جنوری سے دسمبر تک نافذ العمل ہوں گے، ٹیم کی بنگلہ دیش سے واپسی پر سائن کرائے جائیں گے۔ اس وقت اے کیٹیگری کو ماہانہ 4.25 لاکھ، بی 3 لاکھ 15 ہزار 562، سی ایک لاکھ 70 ہزار اور ڈی کیٹیگری کو ایک لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔

اے کیٹیگری کی ٹیسٹ میچ فیس 4 لاکھ، ون ڈے 3 لاکھ 30 ہزار اور ٹی ٹوئنٹی سوا لاکھ روپے ہے، دیگر کو بھی بھاری معاوضے ادا کیے جاتے ہیں، لوگو منی اور بونسز اس سے الگ ہیں۔ دوسری جانب ورلڈکپ میں گروپ میچز جیتنے اور کوارٹر فائنل میں شرکت پر قومی کرکٹرز 4 لاکھ 80 ہزار ڈالرز پائیں گے، آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں چوتھی پوزیشن پر ایک لاکھ 70 ہزار ڈالرز بھی ان کے منتظر ہیں، یہ ساری رقم پلیئرز میں یکساں تقسیم ہو گی۔

وقت اشاعت : 21/04/2015 - 17:15:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :