ڈیوڈ وارنر دو بار مسلسل اننگز میں سنچریاں بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے

جمعہ 9 دسمبر 2016 17:45

ڈیوڈ وارنر دو بار مسلسل اننگز میں سنچریاں بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے

میلبورن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دو بار مسلسل اننگز میں سنچریاں بنانے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز بن گئے، وارنر نے باہمی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں سابق ہم وطن بلے باز شین واٹسن کے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

(جاری ہے)

وارنر کیلئے سال 2016ء خوش قسمت ثابت ہوا ہے، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ ون ڈے سیریز کے آخری دو میچز میں مسلسل سنچریاں سکور کر کے ٹیم کو فتوحات دلائیں، یہ دوسرا موقع ہے کہ وارنر نے مسلسل اننگز میں سنچریاں بنائی ہوں، اس سے قبل انہوں نے 2012ء میں سری لنکا کے خلاف سیریز میں مسلسل دو سنچریاں بنائی تھیں، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے آسٹریلوی بلے باز ہیں، ڈین جونز، جیف مارش، مارک وا، رکی پونٹنگ، میتھیوہیڈن اور شین واٹسن نے ایک، ایک بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

اس کے علاوہ وارنر باہمی تین میچوں کی سیریز میں زیادہ رنز بنانے والے آسٹریلوی بلے باز بھی بن گئے، انہوں نے کیویز کے خلاف سیریز میں 299 رنز بنائے، اس سے قبل اس ریکارڈ پر شین واٹسن کا قبضہ تھا جنہوں نے 2011ء میں بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 294 رنز بنائے تھے۔

وقت اشاعت : 09/12/2016 - 17:45:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :