سیاسی بقاء کیلئے سزا یافتہ شخص کے استقبال کا ڈرامہ رچانا (ن) لیگ کی مجبوری ہے : جمشید چیمہ

کارکنوں کو ائیر پورٹ لانے کیلئے امیدواروںں پر دبائو ڈالا جارہا ہے ، پی ٹی آئی کا منشور حقیقت پسندی پر مبنی ہے

پیر 9 جولائی 2018 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، حلقہ این ای127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اپنی سیاسی بقاء کیلئے اربوں روپے کی کرپشن پر سزا پانے والے شخص کے استقبال کا ڈرامہ رچانا (ن) لیگ کی مجبوری ہے اور اس کیلئے امیدواروںں پر دبائو ڈالا جارہا ہے ،پی ٹی آئی کا منشور حقیقت پسندی پر مبنی ہے اور اس کے ذریعے نئے پاکستان کی مضبوط بنیاد رکھیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈور ٹو ڈور مہم اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر جاوید اقبال، میاں عمر ، حاجی ارشد،لالہ نعیم بٹ،میاں سہیل جاوید اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے جس میں وہ ناکام رہی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جائے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی نے ملک و قوم کیلئے کون سا کارنامہ سر انجام دیا ہے کہ امیدواروں پر دبائو ڈالا جارہا ہے کہ وہ انکے استقبال کیلئے کارکنوں کے ہمراہ ائیر پورٹ پہنچیں ۔

مسلم لیگ (ن) افرا تفری پیدا کر کے انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے لیکن ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ کی ٹکٹ پر حصہ لینے والے امیدوار حلقے کے ووٹروں کا سامنا کرنے سے کترا رہے ہیں اور باہر سے لائے ہوئے لوگوں کے اجتماعات سے خطاب کیا جارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے حقیقت پسندی پر مبنی منشور پیش کیا ہے جس میں ترجیحات کا واضح تعین ہے اور سب سے پہلے پسے ہوئے طبقات کی خوشحالی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کی لوٹ مار بھی سامنے آ گئی ہے ۔آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے دونوں جماعتوں کے کئی دہائیوں سے قائم کرپشن کے گٹھ جوڑ کو توڑیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں