نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدرکی قیادت میں وفد کی ملاقات

شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا قومی فرض نبھانے کے بعد اپنی علمی و صحافتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرونگا نگران کابینہ میں شامل وزراء مکمل طور پر بااختیار ہیں، سرکاری امور مشاورت سے سرانجام دے رہے ہیں‘حسن عسکری

منگل 10 جولائی 2018 17:57

نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدرکی قیادت میں وفد کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے انتہائی قابل پروفیسر کو اہم قومی ذمہ داری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے نام سے قبل عزت مآب لکھنے کا آپ کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن نے ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سے میرا دیرینہ تعلق ہے۔

(جاری ہے)

میں نے اپنی پہلی ملازمت کا آغاز پنجاب یونیورسٹی سے کیا تھا۔ پنجاب یونیورسٹی سے وابستہ خوشگوار یادیں میری زندگی کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا قومی فرض نبھانے کے بعد اپنی علمی و صحافتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ نگران کابینہ میں شامل وزراء مکمل طور پر بااختیار ہیں اور تمام سرکاری امور مشاورت سے سرانجام دے رہے ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جاری منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں اور محدود مینڈیٹ میں بھی عوام کی فلاح پروگرامز کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ فلاح عامہ کے بعض نئے پروگرامز کیلئے اگلی منتخب حکومت کو تجاویز دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے مزید وسائل مہیا کئے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی سکالرز کو کوالٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں معیار کا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ تعلیم کا معیار بلند کرنے کیلئے حکومت، تعلیمی اداروں، اساتذہ اور سکالرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے بعض مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ وفد نے مسائل کے حل کیلئے غور کرنے کی یقین دہانی پر نگران وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں