نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس،سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت

سیاسی رہنمائوں اور امیدواروں کی سکیورٹی اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال سیاسی لیڈروں ، امیدواروں اور عوام کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر حسن عسکری دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کا تعاون ضروری ہے، امیدوار سکیورٹی کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں، نگران وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب پر امن ماحول میں انتخابات کیلئے تعاون کرینگی:سیاسی جماعتوں کے نمائندوںکی ضابطہ اخلاق پر پابندی پر عملدرآمد کی یقین دہانی

بدھ 11 جولائی 2018 20:50

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس،سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت بدھ کو وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکردہ سیاسی رہنمائوں اور امیدواروں کی سکیورٹی کیلئے کئے جانے والے انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیر اعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لیڈروں ، امیدواروں اور عوام کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے۔دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کا تعاون ضروری ہے۔ الیکشن کے دوران پر امن ماحول سے سیاسی جماعتیں بہتر اور مساوی مواقع حاصل کرسکیں گی۔

(جاری ہے)

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الیکشن سے متعلقہ امور سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے طے کر رہے ہیں۔

امیدوار سکیورٹی کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ تما م جماعتوں کیلئے مساوی مواقع کا الیکشن بنانا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ سیاسی جماعتیں، امیدوار اور نگران حکومت پرامن ماحول کے مشترکہ مقصد کیلئے یکسو ہیں۔حالات نازک ہیں، یہ جوش نہیں ہوش کا دامن تھامنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیدوار شکایت یا مسئلے کی صورت میں مقامی انتظامیہ، وزراء یا مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

نگران حکومت ممکنہ حد تک ہر شکایت کا ازالہ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ نگران حکومت اپنے فرائض کی ادائیگی کیلئے مستعد ہے، ہمارے کان اور آنکھیں کھلی ہیں۔ نگران صوبائی وزیر داخلہ شوکت جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر پر امن ماحول کو خراب کرنے کے درپے ہیں۔آخری چند دن اہم ہیں، سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے۔

سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پر امن ماحول میں انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے حکومت سے تعاون کریں گے۔اجلاس میںسیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ضابطہ اخلاق پر پابندی پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اجلاس میں انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کے نمائندوں، نگران صوبائی وزراء سید ضیاء حیدر رضوی، شوکت جاوید، احمد وقاص ریاض، ظفر محمود، چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،انسپکٹر جنرل پولیس ،سیکرٹری اطلاعات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں