urdu
جاپان میں ماہِ رمضان اور اسلام
منگل مئی

مکتوبِ جاپان۔عامر بن علی
جاپان میں مقیم مسلمان برادری روایتی مذہبی جوش و خروش سے رمضان المبارک مناتی ہے۔ یہاں رمضان کا مہینہ دیگر ملکوں سے اس لحاظ سے منفرد ہوتا ہے کہ یہاں اس کی حیثیت ایک تہوار کی سی بھی ہے۔ ملک کی تمام مساجد میں افطار کا اہتمام ہوتا ہے اور زیادہ تر لوگ مسجد ہی میں افطار کو ترجیح دیتے ہیں، جو کہ یہاں مقیم مسلمان برادری کے باہمی میل جول اور تعلق کا اہم ذریعہ بھی ہے۔ جاپان کے تقریباً تمام اہم شہروں میں مساجد موجود ہیں اور جن یونیورسٹیوں یا کالجز میں مسلمان طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں وہاں بھی مسجد یا مصلیٰ کا انتظام ضرور موجود ہے۔ رمضان کی نسبت سے پاکستان اور دیگر کئی ممالک سے حفّاظ کرام تراویح پڑھانے کے لیے رمضان میں یہاں آئے ہوتے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زیادہ تر مساجد کا انتظام و انصرام پاکستانیوں کے ہاتھ میں ہے بلکہ نصف سے زیادہ مساجد تو تعمیر بھی پاکستانیوں نے ہی کی ہیں۔
یہاں کی سب سے قدیم مسجد کو بے شہر کی جامع مسجد ہے جسے 1935 میں متحدہ ہندوستان سے آئے ہوئے تاجروں نے تعمیر کیا تھا۔ جاپان کی سب سے بڑی مسجد ٹوکیو میں واقع تُرک مسجد ہے جس کا انتظام ترکی کی حکومت چلاتی ہے۔ یہ مسجد بھی خاصی قدیم ہے۔ مسلمان ممالک میں سے روایتی طور پر ترکی کے ساتھ جاپان کے تعلقات سب سے زیادہ مضبوط رہے ہیں۔ جنگ عظیم اول میں دونوں ممالک حلیف بھی تھے اور جغرافیائی حوالے سے ان کی شراکت داری کی وجہ دونوں کا مشترکہ دشمن روس رہا ہے۔ یاد رہے کہ جاپان اور ترکی نے روس کے خلاف کئی جنگیں لڑی ہیں اور جاپان کے چار جزیرے اب بھی روس کے قبضے میں ہیں۔ جاپان میں سب سے پہلے مقامی مسلمان بھی وہ لوگ تھے جو کہ ترکی میں جاپانی سفارتی عملے میں شامل تھے۔ انیسویں صدی کے آخری عشرے میں ان لوگوں نے اسلام قبول کیا تھا۔ ٹوکیو کی ترک مسجد کی زمین بھی جاپانی شہنشاہ نے تحفے میں ترکی کو دی تھی۔ ایک دلچسپ تحقیق یہ بھی سامنے آئی ہے کہ یہاں پہلی مسجد 1905 میں روسی جنگی قیدیوں نے قید کے دوران تعمیر کی تھی یا ان سے تعمیر کروائی گئی تھی۔ 1905 میں روس اور جاپان کی جنگ کے دوران تیس ہزار کے قریب روسی فوجی جنگی قیدی بنا لیے گئے تھے جن میں سے ایک ہزار کے قریب مسلمان تھے۔ یہ لوگ ایک سال کے قریب جاپان میں قید رہے اوربعض جنگی قیدی دوران قید ہی وفات پا گئے۔ جن کی قبریں اب بھی اوساکا شہر (Osaka) کے نواح میں موجود ہیں جن کے کتبوں پر قرآنی آیات اور ہلال کا نشان انہیں مسلمان ثابت کرتا ہے۔ ان قبروں کے پاس ہی ایک یادگاری مینار بھی موجود ہے جس پر عیسائی اور یہودی دعاؤں کے ساتھ ساتھ قرآنی آیات اور دعائیں بھی کنداں ہیں۔ مذکورہ مسجد کے وجود کا ثبوت جاپانی شہنشاہ کا 1905 میں روسی بادشاہ زار کو لکھا گیا وہ خط بھی ہے جس میں زارِ روس کو یہ یقین دلایا گیا ہے کہ جاپان کی قید میں موجود اٹھائیس ہزار فوجیوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور عیسائی و مسلمان و یہودی قیدیوں کے لیے عبادت خانے تعمیر کیے گئے ہیں اور وہ اپنی عبادت گاہوں میں کامل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں، اسی سلسلے میں روس کی نیم خود مختار ریاست تاتارستان کے سابق گورنر یاشن سانح نے ایک مضمون بھی تحریر کیا ہے جس میں جاپان کی اس پہلی مسجد کے متعلق تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔ بدقسمتی سے اب یہ مسجد معدوم ہو چکی ہے۔
(جاری ہے)
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔
© www.UrduPoint.com
تازہ ترین کالمز :
Your Thoughts and Comments
Urdu Column Japan Main Mah E Ramzan Or Islam Column By Amir Bin Ali, the column was published on 29 May 2018. Amir Bin Ali has written 42 columns on Urdu Point. Read all columns written by Amir Bin Ali on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.
مکتوبِ جاپان۔عامر بن علی کے کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
ABOUT US
Our Network
Who We Are
Site Links: Ramadan 2020 - Education - Urdu News - Breaking News - English News - PSL 2020 - Live Tv Channels - Urdu Horoscope - Horoscope in Urdu - Muslim Names in Urdu - Urdu Poetry - Love Poetry - Sad Poetry - Prize Bond - Mobile Prices in Pakistan - Train Timings - English to Urdu - Big Ticket - Translate English to Urdu - Ramadan Calendar - Prayer Times - DDF Raffle - SMS messages - Islamic Calendar - Events - Today Islamic Date - Travel - UAE Raffles - Flight Timings - Travel Guide - Prize Bond Schedule - Arabic News - Urdu Cooking Recipes - Directory - Pakistan Results - Past Papers - BISE - Schools in Pakistan - Academies & Tuition Centers - Car Prices - Bikes Prices
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2021, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.