
بال بچے اور پانامہ لیکس
اتوار 17 اپریل 2016

عمار مسعود
(جاری ہے)
شیخ صاحب محلے میں ہی رہتے ہیں۔آڑھت کا کاروبار ہے۔محلے کی مذہبی شخصیت میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ بچے سارے لندن میں رہائش پذیر ہیں۔ شیخ صاحب دن میں کئی دفعہ سکائپ پر اپنے لندن میں مقیم خاندان سے محو گفتگو ہوتے ہیں۔ بیٹیوں کو سر پر ڈوپٹہ لینے کی تلقین کرتے ہیں اور بیٹوں کو ہر قسم کی خبائث سے بچنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ہر مذہبی اجتماع کے موقعے پر انکاجذبہ دیدنی ہوتا ہے۔ شب بر ات پر چنوں والے چاولوں کی دیگ چڑھتی ہے۔ عید بقر عید پر خصوصی اہتما م ہوتا ہے۔ قربانی کے جانور سب سے مہنگے لاتے ہیں اور سارے محلے کو جلاتے ہیں۔محلے کی مسجد کے معاملات میں خصوصی دلچسپی لیتے ہیں۔ رمضان میں تراویح کا انتظام انہی کے زیر اہتمام ہوتا ہے۔مجھ سے گناہ گاروں کو نماز روزے کی تلقین کرنے بھی اکثر تشریف لاتے ہیں۔ ہاتھ کی تسبیح کو کبھی قیام نہیں ہوتا۔ حتی کہ بوقت دشنام اور غیبت بھی اسی سرعت سے انگلیاں عبادت میں مصروف رہتی ہیں۔ محلے کے ہر نوجوان لڑکے اور لڑکی کی عادات بد پر انکی نظر رہتی ہے۔ ہر آتے جاتے کی اصلاح کے حوالے سے دھیما سا طنز انکا شعار ہے۔ مجھ پر میڈیا سے تعلق کی بنا ء پر خصوصی شفقت فرماتے ہیں۔ ایک دفعہ شہرکے وسط میں واقع انکے گودام میں جانے کی سعادت نصیب ہوئی۔ لال مرچوں میں اینٹوں کا برادہ، چائے کی پتی میں چنے کے چھلکے اور گرم مصالحے
میں چورے کی بڑے پیمانے پر ملاوٹ ہو رہی تھی۔میرے کسی سوال سے پہلے ہی شیخ صاحب نے خود فرما دیا کیا کریں صاحب بچوں کے لیئے کرنا پڑتا ہے۔ پھر اپنا سوال جڑ دیا۔ کیا بنے گا پانامہ لیکس کا؟ حکومت جا رہی ہے نا؟ نجات مل رہی ہے نا ان ڈاکووں سے؟لوٹ کے کھاگئے اس ملک کو۔ بے غیرتوں کے پیٹ نہیں بھرتے۔ ہماری حق حلال کی کمائی سے دیکھو جی سارے اپنے اکاؤ نٹس بھر لیئے ہیں۔ حرام کھاتے ہیں یہ حرام۔میں ملاوٹ کا چشم دید گواہ ہونے کی حیثیت سے انکی تشفی کے مطابق حکومت جانے کے بارے میں جب کوئی تسلی بخش پیش گوئی نہ کر سکا تو شیخ صاحب نے یقننا دل ہی دل میں فرمایا ہو گا۔ یہ میڈیا بھی بکا ہوا ہے۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے حرام کھانے والوں کے عبرت ناک انجام کے بارے میں کوئی معروف روایت فیس بک پر اپ لوڈ کی ۔ مجھے ایماندای کو شعار بنانے کی تلقین کی اور ساتھ ہی فر ط غیض میں ملازم کو چائے کی پتی میں چنے کے چھلکوں کی ایک اور بوری مکس کرنا کا حکم دے دیا۔
ہمارے دوست ہیں عاقل ۔ بنی نوع انسان سے عمومی طور پر نفرت کرتے ہیں۔ جاہل اتنے ہیں کہ ہر کسی کو جاہل سمجھتے ہیں۔ اعداد و شمار کے ماہر ہیں۔ ہندسوں سے گفتگو کرتے ہیں۔ حکومت تو کیا دنیا سے ہی ناخوش رہتے ہیں۔ عقل کی بات کو احتیاطا ہی مسترد کر دیتے ہیں۔ہر رشتے حتی کہ دوستی ، رشتہ داری اور خلوص کو بے وقوفی تصور کرتے ہیں۔ چیزوں کو نوٹوں کے پیمانے پر پرکھتے ہیں۔ ملکی حالات سے عموما شاکی رہتے ہیں ۔ پاکستانیوں کی جہالت، پسماندگی اور افلاس پر بڑے ولولہ انگیز بیانات دیتے ہیں۔ اس ملک کے تمام مسائل حل کرنے پر بذات خود قدرت رکھتے ہیں ایک دو دفعہ بیرون ملک کا چکر لگا آئے تو سمجھیں وہیں کے ہو رہے۔ اب انہیں یہ ملک گندا، اسکے لوگ بے ایمان اور حکومتیں نااہل اور نظام بوسیدہ اور زنگ آلود لگتا ہے۔عاقل کو کام کسی سے پڑ جائے تو اسکے پاوں تک پر جاتے ہیں ورنہ بھنویں تنی ہوئی رکھتے ہیں۔کسی کا احسان نہیں مانتے ۔ اپنی ذات میں خود کو ادارہ مانتے ہیں۔ پاناما لیکس کے حوالے سے حکومت کا فوری استعفی ان کا مطالبہ ہے۔ بڑی شدت سے حکومت کے مستعفی ہونے کے منتظر ہیں۔ ہر خاص و عام کو یہ نوید سناتے رہتے ہیں کہ کرپٹ لوگوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ب انقلاب آئے گا اور خونی انقلاب آئے گا۔ ایک دن سرراہے ملاقات ہو گئی خلاف معمول اچھے موڈ میں تھے۔ استفسار پر خود ہی بتانے لگے ایک دوست کے ساتھ کاروبار کیا تھا۔ ہندسوں کی ایسی کرشمہ سازی دکھائی کہ دس لاکھ پیٹ لیئے۔ مزید فرمانے لگے گو کہ اس فراڈ کا دستاویزی ثبوت موجود ہے مگر ہمارے دوست کو نہ بینک کی بیلنس شیٹ کی خبر نہ دستخط کی پہچان نہ بینکاری کے طریقہ کار کے بارے میں کچھ معلوم نہ کمپنیز آرڈیننس کے بارے میں کچھ پتہ۔ قسمت سے ملتے ہیں ایسے لوگ۔ سونے کی کان ہے بھائی سونے کی کان۔ آگے آگے دیکھیئے کیا ہوتا ہے۔ اب یہ فراڈ تو نہ ہوا یہ بزنس ہے بابا۔ میری اس بات سے تشفی نہ ہوئی تو جھینپ کر خود فرمانے لگے۔ کیا کریں یار بچوں کے لیئے کرنا پڑتا ہے۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے فیس بک پر سچ بولنے ، ایماندای سے کام کرنے اور صداقت کو شعار بنانے کے بارے میں ایک ولولہ انگیز سٹیٹس اپ لوڈ کیا اور ملک میں بڑھتے ہوئے بینک فراڈ کے بارے میں زور زور سے نعرے لگاتے اپنی منزل کی جانب ہو لیئے۔
میں اس معاشرے کے دوغلے معیارات کے بارے میں کچھ نہیں کہناچاہتا لیکن نواز شریف کوبھی پاناما لیکس کے بارے میں یہی کہنے کی اجازت تو دے دیں کیا کریں یار بچوں کی خاطر یہ سب کرنا پڑتا ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
متعلقہ عنوان :
عمار مسعود کے کالمز
-
نذرانہ یوسفزئی کی ٹویٹر سپیس اور فمینزم
پیر 30 اگست 2021
-
گالی اور گولی
جمعہ 23 جولائی 2021
-
سیاسی جمود سے سیاسی جدوجہد تک
منگل 29 جون 2021
-
سات بہادر خواتین
پیر 21 جون 2021
-
جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے نام ایک خط
منگل 15 جون 2021
-
تکون کے چار کونے
منگل 4 مئی 2021
-
نواز شریف کی سیاست ۔ پانامہ کے بعد
بدھ 28 اپریل 2021
-
ابصار عالم ہوش میں نہیں
جمعرات 22 اپریل 2021
عمار مسعود کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.