مائی پیور لینڈ !!

جمعہ 1 دسمبر 2017

Ashfaq Rehmani

اشفاق رحمانی

پاکستانی نڈر خاتون نازو دھریجو کی حقیقی کہانی پر بننے والی فلم آسکر ایوارڈ کیلئے منتخب کر لی گئی۔ نازو دھریجو کے خاندان والوں نے چار بہنوں کو باپ کی وراثتی جائیداد سے محروم رکھنے کے لئے رات کو ان کے گھر پر حملہ کیا تو نازو نے بہنوں اور چند ہمدردوں کے ساتھ مل کر رات بھر ان کا مقابلہ کر کے نئی روایت کو جنم دیا۔سندھ میں ہی نہیں بد قسمتی سے ہمارے ملک کے دیہی، ناخواندہ اور پسماندہ علاقوں میں ابھی تک لڑکیوں کو جائیداد میں حصہ نہیں دیا جاتا۔

انہیں وراثت سے محروم رکھا جاتا ہے تا کہ خاندانی جائیدادیں محفوظ رہیں۔ ایسی ہی صورتحال کا سامنا سندھ کی اس بہادر بیٹی نازو دھریجو کو بھی 2013ء میں کرنا پڑا جب انکے والد کی وفات کے بعد ان کے رشتہ داروں نے نازو اور اسکی تین بہنوں کی جائیداد پر قبضے کا منصوبہ بنایا۔

(جاری ہے)

ان چار بہنوں، اکلوتے بھائی کو پہلے ہی جائیداد کے تنازعہ پر قتل کیا جا چکا تھا۔

جس رات مسلح رشتہ داروں نے انکے گھر پر حملہ کیا تو ان چار بہنوں کے اور ان کے کچھ ہمدردوں نے اپنی حفاظت کے لئے اسلحہ اٹھایا اور ساری رات دشمنوں کا مقابلہ کر کے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ نازو دھریجو کی اس بہادری سے متاثر ہو کر پاکستانی نژاد برطانوی فلم ساز سرور مسعود نے اسکی ہمت و بہادری کو فلم کی شکل دینے کے لئے منتخب اور اس فلم میں پاکستان اور سندھ کی روایات کو نہایت خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔

امید ہے وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ علم کی روشنی پھیلنے سے ہمارے پسماندہ علاقوں میں لڑکیوں کے ساتھ منفی سلوک ختم ہو گا اور انہیں بھی انکا شرعی وراثتی حق ملے گا۔ آج کل اپنی بہادری کی وجہ سے نازو دھریجو علاقے میں وڈیری کے نام سے پہچانی جاتی ہے اور وہ اپنے علاقے کی ترقی اور عورتوں کے حقوق کے لئے کام بھی کر رہی ہیں۔ سرور مسعود کی یہ فلم اپنی جاندار کہانی کی وجہ سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے اور اب یہ فلم آسکر ایوارڈ کے لئے بھی چن لی گئی ہے جو پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے۔

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے دوسرے بڑے صوبے سندھ کی بہادر خاتون نازو دھاریجو کی زندگی پربنی فلم ’مائی پیور لینڈ‘ 15 ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔نازو دھاریجو صوبہ سندھ کے ضلع نوشہروفیروز کے ایک چھوٹے سے گاوٴں کی خاتون ہیں، جنہوں نے 2012 میں میڈیا میں شہرت پائی۔نازو دھاریجو درمیانے عمر کی خاتون ہیں، جنہوں نے وڈیروں اور مسلح قبضہ مافیا سے اپنے آباوٴ اجداد کی زمین کی حفاظت کی۔

نازو دھاریجو نے 2 کم عمر بیٹیوں کی مدد سے نہ صرف بااثر زمینداروں اور ان کے 200 مسلح افراد کا مقابلہ کیا، بلکہ کرپٹ پولیس کا سامنا بھی کیا، جس وجہ سے انہیں میڈیا اور خصوصی طور پر سندھ میں شہرت ملی۔اگرچہ اب نازو دھاریجو سماجی کاموں کے علاوہ سیاست میں بھی انٹری دے چکی ہیں، مگر ان کی ہمت سندھ کی بہت ساری خواتین کے لیے حوصلے کی مثال ہے۔

نازو دھاریجو کی زندگی اور جدوجہد پر پاکستانی نڑاد برطانوی فلم سام مسعود نے ’مائی پیور لینڈ‘ کے نام سے فلم بنائی ہے،فلم ساز( ڈائریکٹر)سرورمسعود کے مطابق انہیں پاکستان کے کسی موضوع پر 2013 میں فلم بنانے کا خیال آیا، اور انہوں نے 2014 میں اس کے لیے فنڈ جمع کرنا شروع کیا۔سرور مسعود کے مطابق مارچ اور اپریل 2015 میں ’مائی پیور لینڈ‘ کی شوٹنگ کا آغاز کردیا گیا، اور 8 ستمبر 2017 تک فلم کی تمام شوٹنگ مکمل کرلی گئی،ان کے مطابق ” ایک دن وہ گوگل پر پاکستانی پولیس کی کرپشن سے متعلق چیزیں تلاش کر رہے تھے، کہ انہیں نازو دھاریجو کی جدوجہد اور پولیس کرپشن کے خلاف کہانی نظر آئی“ نازو دھاریجو کے موضوع پر تھوڑی بہت اسٹڈی کرکے سندھ کے صحافی ’سمیر میندھرو‘ اور صبا امتیاز سے اس حوالے سے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا۔

سمیر میندھرو کی مدد سے انہوں نے نازو دھاریجو اور ان کے شوہر ذوالفقار سے بھی بات کی، اور انہیں فلم کا اسکرپٹ بھی دکھایا، جس پر انہوں نے کہا کہ ’یہ تو کسی ایکشن فلم کی کہانی ہے۔فلم کے مرکزی کردار کے لیے بہت سے لڑکیوں کا آڈیشن لیا، لیکن انہیں کوئی لڑکی پسند نہ آئی، پھر کسی دوست نے انہیں نازو دھاریجو کے ہی شہر کی ایک اداکارہ کی تصویر دکھائی، جسے دیکھتے ہی وہ اس لڑکی کو کاسٹ کرنے کے لیے راضی ہوگئے۔

خیال رہے کہ”ہیروئن“ ’سہائی ابڑو‘ نہ صرف اداکاری کرتی ہیں، بلکہ وہ ’کلاسک‘ اور ’کتھک‘ رقص کے حوالے سے بھی پاکستانی کی بڑی ڈانسر ہیں۔’مائی پیور لینڈ‘ میں سہائی علی ابڑو مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جو فلم میں کسی ایکشن ہیرو کی طرح کلاشنکوف سے سیکڑوں مسلح مردوں کا مقابلہ کریں گی۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :