نواز شریف کو جوش نہیں ہوش سے فیصلے کرنا ہونگے

منگل 8 اگست 2017

Muzzamil Soharwardi

مزمل سہروردی

اب اس بات میں کوئی ابہام نہیں کہ میاں نواز شریف بھر پور مزاحمت کے موڈ میں ہیں۔ وہ اپنی مخا لف قوتوں کے ساتھ بھر پور قوت سے ٹکرانا چاہتے ہیں ۔ جس کے نتیجے میں یا تو ان کی مخالف قوتیں پاش پاش ہو جائیں۔ یا نواز شریف کی بچی کھچی سیاست بھی پاش پاش ہو جائے۔ وہ لڑائی کو فائنل راؤنڈ میں لانے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔
میاں نواز شریف نے اپنی نا اہلی کے بعد جو کابینہ میدان میں اتاری ہے۔

وہی بتا رہی ہے کہ میدان سج گیا ہے۔ وہ مفاہمت والی نہیں بلکہ مزاحمت والی کابینہ ہے۔ کچھ لوگ اس کو انتخابی کابینہ کہ رہے ہیں ۔ لیکن یہ انتخابی نہیں جنگی کابینہ ہے ۔مشاہد اللہ کو واپس وزیر بنانا ایک واضح پیغام ہے۔ کہ اب اسٹبلشمنٹ سے ٹکراؤ ہے۔ اسی طرح جب اقامہ والا وزیر اعظم قبول نہیں تو اقامہ والا وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ کیسے قبول ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

تم کتنے اقامے والے مارو گے ہر گھر سے اقامہ والا نکلے گا کہ مصداق نواز شریف اقامہ کی سیاست پر جارحا نہ موڈ رکھتے ہیں۔ وہ اس پر سرنڈر کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔ اسی طرح اسحاق ڈار کو دوبارہ وزیر خزانہ بنانا بھی ایک واضح پیغام ہے۔ آپ مانیں یا نہ مانیں لیکن چودھری نثار علی خان اور سرتاج عزیز کے کابینہ سے فارغ ہونے سے کابینہ میں مفاہمتی اور اسٹبلشمنٹ سے اچھے تعلقات رکھنے والے وزار کی تعداد کم ہو گئی ہے۔

اب اگر کوئی ہے بھی تو وہ اس قدر غیر اہم ہے کہ اس سے بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ تمام اہم وزارتوں پر اسٹبلشمنٹ کے باغی بیٹھ گئے ہیں۔ جن پر کسی نہ کسی حوالہ سے اعتراض ہے۔ مجھے پریشانی ہے اسٹبلشمنٹ اس قدر جارحا نہ کیبنٹ کے ساتھ کیسے گزارا کرے گی۔کیا انہوں نے اپنے ہی بنائے ہوئے وزیر اعظم کو تنہا نہیں کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی کو جس ٹیم کا کپتان بنا یا گیا ہے شاید وہ ٹیم ان کو کپتان نہیں مانے گی۔

ایک طرف شاہد خاقان گارڈ آف آنر لے رہے ہیں دوسری طرف اسٹبلشمنٹ سے لڑائی کے شادیانے بج رہے ہیں۔اگر ایسا ہی کرنا تھا تو خواجہ آصف کو وزیر خارجہ کی بجائے وزیر اعظم ہی بنا دیا جاتا۔ وہ ایک ڈمی وزیر دفاع تو تھے لیکن کیا وہ ڈمی وزیر خارجہ بھی ہو نگے۔ کیونکہ وزارت خا رجہ اسٹبلشمنٹ کے تعاون کے بغیر چلانا ممکن نہیں۔ اسی طرح سی پیک میں تو احسن اقبال کا کردار غیر اہم تھا۔

لیکن وزارت داخلہ میں وہ غیر اہم کیسے ہو نگے۔ طلال چودھری کو بھی وزارت داخلہ میں کیسے قبول کیا جائے گا ۔یہ ایک خطرناک منظر نامہ ہے۔
اسی طرح لاہور جانے کے سفر کو موٹر وے سے جی ٹی روڈ پر منتقل کرنا بھی ایک واضح پیغام ہے کہ اب کوئی مفاہمت نہیں۔ میاں نواز شریف کی پارٹی پر تو پہلے ہی یہ الزام ہے کہ یہ جی ٹی روڈ کی پارٹی ہے۔ جی ٹی روڈ ان کا مضبوط گڑھ ہے۔

اس لئے اس بات میں کوئی ابہام نہیں کہ جی ٹی روڈ میں عوام نہیں آئیں گے۔ ویسے بھی عاشق کا جنازہ دھوم سے نکلے گا والی مصداق نواز شریف نااہلی کے بعد پہلی دفعہ عوام میں آرہے ہیں اس لئے عوام تو آئیں گے۔ جی ٹی روڈ کے دونوں طرف سو فیصد نشستیں نواز شریف نے جیتی ہوئی ہیں۔ چپے چپے پر ان کے لوگ ہیں ۔ اس لئے ان کا جی ٹی روڈ سے آنے کا فیصلہ یہ ظاہر کر رہا ہے کہ وہ اب چیلنج کرنے کا ارداہ کر چکے ہیں۔

وہ نہ صرف اپنے سیاسی مخالفین بلکہ ہر مخالف کو للکارنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ موٹر وے سے آنا ایک مفاہمتی فیصلہ تھا۔ اس کو اس قدر خطرہ کی نگاہ سے نہیں دیکھا جا رہاتھا ۔ لیکن جی ٹی روڈ سے آنے کو ایک اعلان جنگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ موٹر وے سے آنے کو اعلان جنگ نہیں سمجھا جا رہا تھا ۔ سب اس کو ہلکی پھلکی سیاسی سرگرمی لے رہے تھے۔ ایک بات تھی کہ اب گھر تو جانا تھا ۔

لوگوں میں بھی رہنا ہے۔ اس لئے موٹر وے سے جانا قوتوں کو قابل قبول تھا۔ تا ہم جی ٹی روڈ کو وہ اپنے لئے خطرہ سمجھ رہے ہیں۔
اس سے پہلے کہ یہ سمجھا جائے کہ نواز شریف کیا کرنے جا رہے ہیں۔ یہ بھی مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ ابھی بھی نواز شریف کی جماعت کی ہی مرکز میں حکومت ہے۔ انہوں نے وزرا کی فوج ظفر موج نامزد کر دی ہے۔ وزیر اعظم ان کے نام کی تسبیح پڑھ رہا ہے۔

اقتدار میں آنے کا راستہ ابھی بھی ان کی خوشنودی کا ہی محتاج ہے۔ اسی لئے جو ٹکراؤ کے مخالف ہیں وہ کابینہ میں نہیں ہیں۔ پنجاب میں ان کا بھائی ایک مضبوط وزیر اعلیٰ ہے۔ پنجاب اسمبلی میں ان کی بلا شرکت غیر ایک مضبوط اکثریت ہے۔ پنجاب ان کا قلعہ ہے۔ بلوچستان میں نواز شریف کی جماعت کی حکومت ہے۔ ان کا اپنا وزیر اعلیٰ ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی ن لیگ کی حکومت ہے۔

مضبوط حکومت ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی ان کی حکومت ہے۔ ان کی جماعت نے پانامہ کے دوران ہی آزاد کشمیر میں انتخاب جیتا ہے۔ ایسے میں نواز شریف ایک ایسے نظام کو خطرہ سے کیوں دوچار کر رہے ہیں جس کا فائدہ بھی انہی کو ہے۔
سوال یہ بھی ہے کہ وہ اپنی حکومتوں کو مزید غیر مستحکم کیوں کر رہے ہیں۔ اگر وہ عوام میں آنے کا فیصلہ کر چکے ہیں تو اسمبلیوں کو چھوڑ دیں۔

عوام میں آجائیں۔ ایک فریش مینڈیٹ کی طرف جائیں۔ لیکن ایک طرف سسٹم کو چلانا بھی ہے اور دوسری طرف سسٹم کو چیلنج بھی کرنا ہے۔ ایک طرف جمہوریت کو بچانا بھی ہے دوسری طرف خود ہی جمہوریت کو غیر مستحکم بھی کرنا ہے۔ ایک طرف تحمل کی بات بھی کرنی ہے دوسری طرف غصہ بھی ہے۔ایک طرف اسٹبلشمنٹ کے ساتھ مل کر کام بھی کرنا ہے دوسری طرف اس کو چیلنج بھی کرنا ہے۔

چپ رہنا بھی ہے اور یہ کہنا بھی ہے کہ میں ہمیشہ چپ نہیں رہوں گا۔ تحمل کا مظاہرہ بھی کرنا ہے اور یہ باور بھی کروانا ہے کہ یہ تحمل مستقل نہیں ہے۔
اب بلا شبہ جی ٹی روڈ پر نواز شریف کا شاندار استقبال ہو جائے گا۔ لیکن کیا سندھ میں یہ استقبال ہو سکے گا۔ کیا کے پی کے کی سڑکوں پر یہ استقبال ہو سکے گا۔ کیا کراچی میں یہ ریلی نکالی جا سکے گی۔

کیا کوئٹہ میں عوام نکلیں گے۔ صرف جی ٹی روڈ پر لوگوں کو نکال کر کیا پیغا م دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایک ہی بات سمجھ میں آرہی ہے کہ نواز شریف اپنے ووٹ بنک کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ووٹر کو حو صلہ دینا چاہتے ہیں کہ میں کھڑا ہوں۔ لیکن اگر یہ کرنا بھی مقصود ہے تو اس کے لئے اتنی مزاحمت کی ضرورت نہیں ہے۔ و ہ ایک ہی دفعہ میں ساری طاقت کیوں سڑکوں پر لانا چاہتے ہیں۔

وہ ایک ہی دن میں سب کو سڑکوں پر کیوں لانا چاہتے ہیں۔ کیا وہ اس کے بعد گھر بیٹھنا چاہتے ہیں۔ وہ جلسوں او ریلیوں کا ایک لمبا پروگرام بھی بنا سکتے تھے ۔ الگ الگ شہر شہر جا سکتے تھے لیکن ایک ہی دن میں سارے شیئر کرنے کی کیا وجہ ہے۔ جب وہ عدلیہ کی بحالی کے لئے نکلے تھے تو ایک ٹارگٹ تھا کہ عدلیہ بحال کروانی ہے۔ وہ راستہ میں ہی بحال ہو گئی۔

لیکن تب ان کی کوئی حکومت نہیں تھی۔ مرکز میں ان کی حکومت نہیں تھی۔ پنجاب میں ان کی حکومت ختم ہو چکی تھی۔ لیکن اب تو مرکز اور پنجاب دونوں طرف ہی ان کی اپنی حکومتیں ہیں۔ وہ اپنی ہی حکومتوں کے خلاف کیسے نکل سکتے ہیں۔ سفر چاہے اسلام آباد سے لاہور کی طرف ہو یا لاہور سے اسلام آباد کی طرف دونوں طرف ہی ان کی حکومت ہے۔
کیا یہ بھی قابل قبول ہو گا کہ وہ اپنی حکومتوں کے سائے تلے اسٹبلشمنٹ کو چیلنج کر دیں۔

کیا یہ بھی قابل قبول ہو گا کہ وہ اقتدار اور مزاحمت کی سیاست کو اکٹھا کر سکیں۔پتہ نہیں کیوں لیکن نواز شریف کو جلدی لگ رہی ہے۔ وہ سیاست میں دروازوں کو بند کرتے ہوئے بند گلی میں سب کو لیجا رہے ہیں۔ لیکن بند گلیوں کی سیاست میں سب ہی بند گلی میں پھنس جائیں گے۔ یہ درست ہے کہ وہ اپنے دشمنوں کو بند گلی میں لیجا رہے ہیں لیکن ساتھ ساتھ ان کے دوست اور ہمدرد بھی بند گلی میں جا رہے ہیں۔ اس پر بھی سوچنے کی ضرورت ہے۔انہیں جوش نہیں ہوش سے فیصلے کرنا ہوں گے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :