
زندہ باد ، زندہ باد
منگل 19 اپریل 2016

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
ایان علی ملک سے باہرجاتے ہوئے ایئرپورٹ پرلاکھوں ڈالر سمیت رنگے ہاتھوں پکڑی گئی ۔ملک میں ایک طوفان کھڑاہوا ،نیوزچینلز کی چاندی ہوئی ،اینکرز لنگوٹ کَس کراکھاڑوں میں اُترے اورہم جیسے لکھاریوں کو بھی اپنے کالموں کا پیٹ بھرنے کے لیے موادمیسر آیا۔گلی گلی میں ماڈل ایان علی کاشور تھالیکن نتیجہ حسبِ سابق وہی ڈھاک کے تین پات ۔وہ عدالت سے اپنی مخروطی انگلیوں کے ساتھ ”وکٹری“ کانشان بناتے ،چہرے پرطنزیہ مسکراہٹ سجائے باہرنکلی ۔اُس کے دبئی جانے کاسارا بندوبست پہلے ہی ہوچکا تھا۔ جمعے کی شب 10 بجے اُس کی فلائٹ تھی لیکن پھراُس نے اپنادبئی جاناایک آدھ روزکے لیے موٴخر کردیا ۔شاید ڈالروں کا دوسرابیگ بھرکر لے جانامقصود ہو۔اُسے تواب یہ یقینِ کامل ہوگاکہ اُس کے بیگ کی طرف کوئی آنکھ اُٹھا کردیکھنے کی جرأت بھی نہیں کرے گا۔
ہماراآزاد اوربے باک پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیابھی زندہ بادکہ جس نے ”پانامہ لیکس“ کاایسا ڈھول بجایااورتاحال بجارہا ہے کہ کانوں کے پردے پھٹنے کوآئے ۔ویسے ہمیں پانامہ لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کاڈھونگ رچانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی کیونکہ ہم ثابت تو”کَکھ“ بھی نہیں کر سکتے ۔وزیرِاعظم کے صاحبزادوں سمیت 200 افرادکے مَنی لانڈرنگ کے کسی کے پاس شواہدہیں نہ ثبوت ۔آف شورکمپنی بناناغیرقانونی نہیں ۔غیرقانونی ہے توصرف یہ کہ آف شور کمپنی میں لگایا جانے والاپیسہ کہاں سے آیا ؟۔ جن لوگوں نے آف شورکمپنیز بنائی ہیں اُن کے پاس ثابت کرنے کے لیے ہزاروں ثبوت ہوں گے کہ اُنہوں نے وہ پیسہ پاکستان سے نہیں بھیجا۔ وزیرِاعظم کے صاحبزادے اپنی پوزیشن پہلے ہی واضح کرچکے اورباقی 200 تیاربیٹھے ہیں۔ویسے بھی جب ہم مَنی لانڈرنگ کرتی ہوئی ،رنگے ہاتھوں پکڑی جانے والی کا کچھ بگاڑ نہیں سکے توگھاگ مگرمچھوں کاکیا بگاڑپائیں گے ۔سیاسی جماعتوں کایہ سب شورصرف نوازلیگ کو”نُکرے“ لگانے کے لیے ہے جس میں کپتان صاحب جیسے سیاستدانوں کو اپنے تشنہ خوابوں کی پھرسے تکمیل ہوتی نظرآنے لگی ہے ۔اسی لیے تو وہ بھاگم بھاگ لندن جاپہنچے ۔آجکل وہ ماہرین سے دھڑادھڑ ملاقاتیں کررہے ہیں ،ٹارگِٹ اُن کاصرف حسن نوازاور حسین نواز کیونکہ صرف اُنہی کے ذریعے وہ میاں نواز شریف سے مسندِ اقتدار چھیننے کی تگ ودَو کرسکتے ہیں۔
اُدھر میاں شہباز شریف نے ایک انٹرویو میں واضح کردیاکہ تحقیقاتی کمیشن صرف پانامہ لیکس تک محدودنہیں رہے گابلکہ اِس کادائرہ پاکستان میں کی جانے والی ساری کرپشن تک پھیلادیا جائے گا۔ میاں صاحب کے مُنہ میں گھی شَکر ،اگروہ پانامہ لیکس کے ساتھ ہی ساتھ”پاکستان لیکس“ کابھی بندوبست کرواسکیں تواگلے تیس چالیس سال تک ٹیکس فری بجٹ کی گارنٹی ہم دیتے ہیں لیکن ایسے سہانے سپنے ہمیں پہلے بھی دکھائے جاتے رہے ۔ہم نے غضب کرپشن کی عجب کہانیاں بھی بہت سنیں اور نَیب کا” ہَوّا“ بھی دیکھ لیا ،ہوا مگرکچھ بھی نہیں ۔پچھلے سال ریٹائرہونے والے سپریم کورٹ کے جسٹس سَرمدجلال عثمانی ہمارے لیے بہت معتبر ومحترم ۔اُنہوں نے سپریم کورٹ کے پانچ ریٹائرڈ جسٹس صاحبان ،جن میں سے دو سپریم کورٹ کے سابقہ چیف جسٹس بھی تھے ،اُن کے انکارکے بعد تحقیقاتی کمیشن کامشروط سربراہ بننا قبول کرلیا ۔اُن کی شرائط یہ ہیں کہ اُنہیں اُن کی مرضی سے چارٹرڈاکاوٴنٹنٹ اورتفتیشی آفیسر مہیاکیا جائے ۔سوال مگریہ کہ اگریہ سب کچھ اُن کی مرضی کے مطابق ہوبھی جائے توکیا سیاسی جماعتیں اُن کی تعیناتی کوقبول کرلیں گی ؟۔ باقی سیاسی جماعتوں کا توپتہ نہیں لیکن کپتان صاحب توکسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے کیونکہ وہ ”پکی پکائی“ کھانے پرتُلے بیٹھے ہیں اوراُن کاتو فیصلہ ہی یہ ہے کہ اگروہ وزیرِاعظم نہیں توپھر ”کھیڈاں گے نہ کھیڈن دیاں گے“، اُن کامطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربرائی میں تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیاجائے جب کہ سپریم کورٹ نے دوٹوک کہہ دیا” سپریم کورٹ تحقیقات نہیں کرتی ، فیصلہ دیتی ہے“ ۔اب صورتِ حال کچھ یوں بنتی ہے کہ سپریم کورٹ تحقیقات کے لیے تیارنہیں اورکپتان صاحب کوریٹائرڈ جج کی سربراہی قبول نہیں اِس لیے دھرنوں کاموسم قریب آن لگا۔ فیصلہ توبہرحال ”امپائر“ ہی نے کرنا ہے کپتان صاحب لاکھ کہیں کہ امپائر اللہ ہے لیکن قوم جانتی ہے کہ دھرنوں کے دنوں میں کپتان صاحب کااشارہ کس کی طرف تھا ۔دیکھتے ہیں کہ کیااب بھی عمران خاں کی خواہش کے مطابق ”امپائر“ کی انگلی کھڑی ہوتی ہے یا نہیں۔ اگر امپائر کی انگلی کھڑی ہوبھی گئی توپھر بھی کپتان صاحب کے ہاتھ تو کچھ آئے گا نہیں البتہ جمہوریت کاایک دفعہ پھردَس ، پندرہ سالوں کے لیے بِستر گول ہوجائے گا۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.