قربانی کا مقصد !

جمعرات 15 جولائی 2021

Rana AIJAZ HUSSAIN Chauhan

رانا اعجاز حسین چوہان

عید قرباں کا مقصد مسلمانوں کے اندر قربانی کی وہی روح، ایمان کی وہی کیفیت اور خالق کائنات کے ساتھ محبت اور وفاداری کی وہی شان پیدا کرنا ہے جس کا مظاہرہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی پوری زندگی میں کیا ہے ۔ عید الاضحی کے دن ہم حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی سنت کو زندہ کرتے ہوئے یہ اقرار کرتے ہیں کہ ہمارے پاس جو کچھ ہے وہ ہمارا نہیں بلکہ اللہ ربّ العزت کا ہے ۔

ہم جس طرح جانور کی قربانی کرتے ہیں، اسی طرح ہمیں اپنی نفسانی خواہشات کو بھی قربان کردینا چاہیے ، تاکہ ہم باہمی اختلافات، انتشار، بغض و حسد، غرور، عناد، مکر و فریب اور حق تلفی وجاہ طلبی کے ذریعے انسانیت کی تباہی کا ذریعہ بننے کی بجائے ، عظمت و بلندی کا جو معیار قرآن مجید فرقان حمید نے ہمیں بتایا ہے ، اور خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے سکھایا ہے اسے اپنی زندگی میں سجا لیں بسا لیں۔

(جاری ہے)

اور ذات برادری، رنگ و نسل اور دولت و غربت کے سارے امتیازات کو مٹا کر اخوت و مساوات، پیار و محبت اور ایک خالق کی عبادت و بندگی کی فضا قائم کریں، بلاشبہ یہی عیدلاضحی کا حقیقی پیغام ہے۔
 اللہ تعالیٰ کے بعد تمام مخلوقات میں انبیائے کرام علیہم السلام کا مرتبہ ہے، وہی اللہ تعالیٰ کے سب سے زیادہ قریب واقرب ہیں۔ جو اللہ تعالیٰ کی طرف سے بھیجی گئی آزمائش میں پورے اترے اور انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے لئے ربّ کریم کے ہر حکم کے سامنے سر تسلیم خم کیا۔

اللہ تعالیٰ کے انہی برگزیدہ پیغمبروں میں سے ایک سیّدنا حضرت ابراہیم علیہ السلام ہیں۔ آپ علیہ السلام اللہ تعالیٰ کے جلیل القدر پیغمبر اور تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کا پیکر تھے۔ اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنا خلیل ( گہرا دوست) قرار دیا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ساری زندگی استقامت دین کے لیے پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں سے عبارت ہے۔

اللہ ربّ العزت کو آپ علیہ السلام کا جذبہ قربانی و استقامت اسقدر پسند آیا ،کہ یہی جذبہ قربانی ہر دور کے لیے ایمانی معیار اور کسوٹی قرار دیا گیا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام ہر امتحان وآزمائش میں کامیاب وکامران ٹھہرے۔ آپ علیہ السلام کو کبھی ا پنے لخت جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام اور بیوی حضرت حاجرہ کو فاران کے بیابان میں چھوڑنے کا حکم ملا، تو کبھی بڑھاپے اور پیرانہ سالی کی تمناوٴں کا مرکز، راتوں اور دنوں کی دعاوٴں کا ثمر، قلب ونظر کا چراغ سیّدنا حضرت اسماعیل علیہ السلام کو حکم الٰہی کی تعمیل میں قربان کرنے کا حکم ملا۔


 واقعہ کچھ یوں ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام تین رات متواتر خواب دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فرما رہے ہیں ” اے ابراہیم ! تو ہماری راہ میں اپنے اکلوتے بیٹے کو قربان کر دے۔“ حضرت ابراہیم علیہ السلام تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کا پیکر بن کر تیار ہو گئے۔ چوں کہ اس امتحان وآزمائش میں بیٹا بھی شریک تھا۔ اس لیے باپ نے اطاعت شعار اور فرماں بردار بیٹے کو اپنا خواب اور خدا کا حکم سنایا۔

سیّدنا حضرت اسماعیل علیہ السلام اپنے والد کی طرح اولو العزم، ثابت قدم ، عزیمت واستقامت، تسلیم ورضا اور اطاعت ربانی کے پیکر تھے۔ فوراً ہی سر تسلیم خم کر دیا اور کہا ” اگر خدا کی یہی مرضی ہے تو آپ ان شاء اللہ مجھے صبر کرنے والوں میں سے پائیں گے۔“ یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی کو پوری تاریخ انسانی میں ایک منفرد اور بلند مقام حاصل ہے۔

تاریخ کے اوراق اس عظیم قربانی کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہیں۔
 حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بعض صحابہ نے عرض کیا ” یا رسول اللہ ! صلی اللہ علیہ و سلم ان قربانیوں کی حقیقت اور تاریخ کیا ہے ؟ “ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” یہ تمہارے ( روحانی اور نسلی) مورث حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔

“ صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے عرض کیا”یا رسول اللہ !صلی اللہ علیہ و سلم ان قربانیوں میں ہمارا کیا اجر ہے ؟ “ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” قربانی کے ہر جانور کے بال کے عوض ایک نیکی ہے۔“ (مسند احمد، سنن ابن ماجہ) اسی طرح ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ”یوم النحر (دس ذوالجہ) میں ابن آدم کا کوئی عمل اللہ تعالیٰ کے نزدیک خون بہانے (قربانی کرنے) سے زیادہ پیارا نہیں ہے۔

اور قربانی کا جانور قیامت کے دن اپنے سینگ ، بال او رکھروں کے ساتھ آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے قبل اللہ تعالیٰ کے نزدیک مقام قبولیت کو پہنچ جاتا ہے۔ لہٰذا! اسے خوش دلی سے کرو۔“ (ابو داوٴد، ترمذی، ابن ماجہ) حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے صرف قربانی کے فضائل او رحکم بیان نہیں فرمایا، بلکہ ان پر عمل کرکے بھی دکھلایا ہے۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں” رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینے میں دس سال مقیم رہے ، اس عرصے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر سال قربانی کی۔

“ (مشکوٰة ترمذی)۔ عیدالاضحی پر جانوروں کی قربانی جہاں ایک عظیم سنت کی تعمیل ہے وہاں تجدید عہد وفا بھی ہے۔ قربانی درحقیقت اس وعدے کو دہرانے کا نام ہے کہ ہمارا جینا، مرنا او رہماری پوری زندگی اللہ تعالیٰ کے لیے ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :