
شاہراہ حیات
منگل 11 اگست 2020

رضوان افضل
(جاری ہے)
اپنی ساٹھ، ستر سالہ زندگی کو پر تعیش طور پر گزارنے کی خاطر ہم ہوش سنبھالتے ہی جس "چوہا دوڑ" کا حصہ بنتے ہیں وہ ہم سے ہمارا ماضی، حال اور مستقبل تینوں ہی چھین لیتی ہے اور ہماری حالت کسی اندھیری رات کے مسافر کی طرح ہوتی ہے جس کے ہاتھ میں ٹمٹماتا ہوا چراغ ہو اور اس کے گل ہو جا ئے کا اندیشہ اسے ہمہ وقت پریشان کیے رکھے۔
یہاں میں یہ واضح کردوں کہ اس چراغ سے مراد انسان کی آرزوئیں ہیں۔ آرزوئیں پالنا کوئی بری بات نہیں لیکن خواہشات کی اسیری انسان کی بے چینی کا باعث بنتی ہے۔ بقول شاعرکس طرح اتنی تمناؤں کو پالا جائے
معاشرے میں قنوطیت پسندی کے بڑھتے رجحان کی ایک وجہ خواہشات کی اسیری بھی ہے۔ انسان جب اپنی من چاہی چیز حاصل نہیں کر پاتا تو مایوس ہونا ایک فطری عمل ہے، لیکن اس میں انسان کسی حد تک خود بھی قصور وار ہے۔ خواہش پالنے سے پہلے اس کے حقیقت پر مبنی ہونے کا اندازہ کرلینا ہمارے اختیار میں ہوتا ہے۔ اپنی تمام تر کم مائیگی اور کم نظری کے باوجود میں یہ بات وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ انسان کو اپنی قابلیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے اور کوئی بھی خواہش کرنے سے پہلے اپنی اہلیت کو مدنظر رکھنا از حد ضروری ہے۔ اب آپ خود ہی بتائیے کہ اگر ستر سالہ بزرگ کے دل میں میراتھن دوڑنے کی تمنا جاگ اٹھے تو اس کا نتیجہ کیا ہوگا؟
بہرحال زندگی ایک سفر ہے اور سفر میں خواہشات کو محدود رکھ کر ہی منزل مقصود تک پہنچا جا سکتا ہے۔ اگر راہ سے بھٹکانے والے خیالات کو ذہن سے نہ جھٹکا جائے تو منزل کے دھندلا جانے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ شاہراہ حیات پر انسان کو بہت سے نشیب و فراز کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کبھی تو وقت کی آندھی اتنی زوردار ہوتی ہے کہ خواہشات کے خیمے تک اکھاڑ کر لے جاتی ہے۔ ایسے میں انسان کبھی ماضی کی یادوں میں گوشہ عافیت تلاش کرتا ہے تو کبھی مستقبل کی فکر اسے کھائے جاتی ہے لیکن سب سے زیادہ اذیت کاسامنا "حال" کو کرنا پڑتا ہے جس کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ زندگی میں ساری تمنائیں تو شاذ شاذ ہی پوری ہوتی ہیں۔ جہاں ایک طرف خواہش جینے کا سہارا ہے تو وہیں دوسری طرف ہر خواہش کو اعصاب پر سوار کر لینا اذیت کا باعث بھی بنتا ہے کیونکہ خواہشات کے بکھر جانے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔ بقول ظفر اقبال
نکلی برونِ شہر تو بارش نے آ لیا
یوں بھی جوہن گرین نے کہا تھا
"دنیا خواہشات پوری کرنے والا کارخانہ نہیں ہے"۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.