
ملک ٹوٹ جائے گا۔۔۔ اگر!
ہفتہ 6 دسمبر 2014

سید شاہد عباس
ایبٹ آباد کے گاؤں نملی میرا میں 10فروری 1945ء کو پیدا ہونے والے جسٹس (ریٹائرڈ) سردارمحمد رضا خان صاحب کے لیے یہ عہدہ یقینا ایک چیلنج ہے کیوں کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جناب تصدق حسین جیلانی اور جسٹس (ریٹائرڈ) رانا بھگوان داس پہلے ہی یہ عہدہ سنبھالنے سے انکار کر چکے تھے۔
(جاری ہے)
نئے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کے لیے سب سے اہم کام اس وقت بلدیاتی الیکشن ہیں۔ اگر وہ اس معاملے سے دانشمندی کے ساتھ نمٹ لیتے ہیں تو پھر یقیناان کے لیے کام آسان ہوتا جائے گا۔ اور شفاف بلدیاتی انتخابات سے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے نہ صرف چہ مگوئیاں ختم ہو جائیں گی ۔ بلکہ دھرنے والوں کی تشفی بھی ہو جائے گی ۔
پاکستان میں تمام سیاسی جماعتوں کا مسلہ شفاف انتخابات رہا ہے۔ ہر کوئی ہارپہ دھاندلی اور جیت پہ شفافیت کے نعرے لگاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام صاحبان دانش اس بات پہ متفق ہیں کہ پاکستان میں سب سے شفاف الیکشن 70ء کے تھے۔ تمام سیاستدانوں کی خواہش یہی ہوتی ہے کہ انتخابات شفاف ہوں۔ لیکن پاکستانی سیاستدان شفاف انتخابات کو ہضم کرنے کی ہمت ہی نہیں رکھتے ۔ ملاحظہ کیجیے۔ 70ء کے عام انتخابات شفافیت کی سند تو پاتے ہیں۔ لیکن انہی انتخابات کی وجہ سے ملک کے دو ٹکڑے بھی ہو گئے۔ ذرا سوچیے! پاکستان اگر نہ ٹوٹتا تو آج اقوام عالم میں اس کا رتبہ کیا ہوتا؟ اگر خود مختاری کے جن کے قابو کرنے کے بجائے اس کو عقل سے استعمال کیا جاتا تو آج وطن عزیز ترقی کی کن منازل پر ہوتا۔ پاکستان میں سیاست کا پہلا سبق ہی یہی ہے کہ اپنی شکست پر واویلا ور جیت پر جشن مناؤ۔ شفاف انتخابات کو ہضم کرنے کی ہمت و صلاحیت ہوتی تو جیسے مشرقی پاکستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ مانا گیا ویسے ہی مشرقی پاکستان میں عوامی لیگ کا بھی مانا جاتا۔ لیکن اقتدار کی کرسی پہ شراکت تو ہمارے سیاستدانوں کا شیوہ ہی نہیں رہا۔ شاید اسی لیے 16دسمبر کادن پاکستان کی تاریخ کا سیا ہ ترین دن قرار پایا۔ سانحہ ء مشرقی پاکستان صرف کتابوں میں پڑھنے کے باوجود میری نسل کا نوجوان دکھ محسوس کیے بناء نہیں رہ سکتا۔
70ء کے انتخابات کے دنوں کا ایک اخباری تراشہ مجھ تک کسی ذریعے سے پہنچا۔ یہ اخباری تراشہ روزنامہ آزاد کا ہے جو اس وقت کا ایک مشہور اخبار تھا۔شفاف انتخابات کی طرح شاید شفاف صحافت بھی اس دور کا ایک خاصہ تھی ۔ روزنامہ آزاد کا نام اس لیے بھی تاریخ میں زندہ رہے گا کہ اُس وقت کے نیوز ایڈیٹر مرحوم سید عباس اطہر صاحب نے ، بھٹو اور مجیب کے مذاکرات میں ناکامی کے بعد وہ شہرہ آفاق ہیڈ لائن لگائی تھی کہ " اِدھر ہم، اُدھر تم"(سننے میں یہ بھی آتا ہے کہ یہ لفظ بھٹو نے مجیب الرحمٰن کو کہے تھے)۔شفاف انتخابات کی شہ سرخی جو روزنامہ آزاد میں لگی وہ یہ تھی،"بھٹو آگیا"۔ اس کے علاوہ اس کی ذیلی سرخی کچھ یوں تھی، "مودودی ٹھا! شیخ رشید نے جماعت اسلامی کا برج الٹ دیا"۔ لاہور میں پیپلز پارٹی نے تمام سیٹیں جیتی تھیں۔ اس پر اخبار نے یہ سرخی لگائی ،"پیپلز پارٹی کے آٹھوں امیدوار کامیاب، لاہور آزاد ہو گیا، پچاس سال پرانے بت پاش"۔70ء کے عام انتخابات میں ہی اصغر خان صاحب ، جی ایم سید(سندھ کے لوگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں)، اور پروفیسر غلام اعظم جیسے لوگ شکست کھا گئے۔ (پروفیسر غلام اعظم صاحب میرے ناقص علم کے مطابق جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے راہنما تھے اور 71ء میں پاکستانی حامی کے طور پر سرگرم کارکن رہے، اگر میں غلطی پہ ہوں تو معافی کے ساتھ تصیح کا طالب ہوں)۔
پاکستان کا چیف الیکشن کمشنر کوئی بھی ہو انتخابات کی شفافیت یا غیر شفافیت کا ملبہ اس پر ڈالا ہی نہیں جا سکتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شفاف انتخابات اس ملک کی اشرافیہ کو ہضم ہی نہیں ہو سکتے ۔ اور میں تو حیران ہوں ان جماعتوں پر جو شفاف انتخابات کا واویلا کرتی ہیں۔ اگر واقعی نئے چیف الیکشن کمشنر صاحب موجودہ دور کے عبد الستار(70ء انتخابات کے وقت چیف الیکشن کمشنر) بن گئے تو خدانخواستہ، میرے منہ میں خاک، پاکستان کی سالمیت پھر خطرے میں نہ پڑ جائے۔ کیوں کہ پاکستان میں صرف ایک مرتبہ عام انتخابات شفاف قرار پائے۔ اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں ملک تقسیم ہو گیا۔ کہیں ایسا نہ ہو گا مزید شفافیت ہمیں مزید دکھ دے جائے۔ کیوں کہ ہم چھوٹے دل کے لوگ ہیں ہم کسی کی جیت برداشت کرنے کے عادی نہیں ہیں۔ اگر ایسا ہوتا تو 70ء کے انتخابات کے بعد39.2فیصدووٹ لینے والی جماعت کا راستہ 18.6فیصد ووٹ لینے والی جماعت نہ روکتی ۔بلکہ صوبائی خود مختاری کا راستہ اپناتے ہوئے پاکستان کو ٹوٹنے سے بچاتی ۔ اگر شفاف الیکشن اس ملک کے نام نہاد خیر خواہوں کو ہضم ہو پاتے تو پھر کیسے )160کم و بیش) نشستیں حاصل کرنے والی سیاسی جماعت کو 81(کم و بیش)نشستیں حاصل کرنے والی جماعت علیحدگی کی طرف مائل کر دیتی ۔
خدا کرے کہ اس ارض پاک پر وہ دن آئے کہ حقیقی معنوں میں شفاف انتخاب ہو سکیں۔ لیکن ساتھ ہی یہ خدشہ بھی دل کے گم گشتہ گہرایوں میں سر ابھارنا شروع کر دیتا ہے کہ نصف صدی سے زائد کے قصے میں ایک شفاف انتخابات سے ملک دو ٹکڑے ہو گیا اسی طرح اگر دوبارہ شفاف انتخابات ہو گئے تو وطنِ عزیز پہ کیا بیتے گی؟اگر واقعی نئے چیف جسٹس اس ملک میں شفاف انتخابات کی تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو گئے تو پھر کیا ہم میں اتنی اخلاقی جرات ہے کہ اس شفافیت کو قبول کر پائیں؟ تاریخ بتاتی ہے کہ " ملک ٹوٹ جائے گا۔۔۔ اگر شفاف انتخابات ہو گئے تو۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
سید شاہد عباس کے کالمز
-
کیا یہ دُکھ بانٹنا ہے؟
جمعرات 17 فروری 2022
-
یہ کیسی سیاست ہے؟
منگل 28 دسمبر 2021
-
نا جانے کہاں کھو گئیں وہ خوشیاں
جمعہ 17 دسمبر 2021
-
نیا افغانستان اور پاکستان
جمعہ 1 اکتوبر 2021
-
توقعات، اُمیدیں اور کامیاب زندگی
ہفتہ 10 جولائی 2021
-
زندگی بہترین اُستاد کیوں ہے؟
منگل 22 جون 2021
-
کیا بحریہ ٹاؤن کو بند کر دیا جائے؟
منگل 8 جون 2021
-
کورونا تیسری لہر، پاکستان ناکام کیوں؟
بدھ 26 مئی 2021
سید شاہد عباس کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.