یوم مئی : کارکنوں کی تربیت کی اہمیت

ہفتہ 1 مئی 2021

Zubair Bashir

زبیر بشیر

تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال افراد اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لئے دستیاب ساز گار ماحول کسی بھی ملک ترقی کی کلید ہے۔  تخلیقی صلاحیتوں کے حامل ہنر مند افراد اپنی قوم کو ترقی کے منازل کی جانب گامزن کرتے ہیں۔ لہذا کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے یہ نہایت ضروری ہے کہ ترقی کے کلیدی شعبوں میں مختلف مہارتوں کے حامل افراد ہنر مند افراد کی ایک متناسب تعداد موجود ہو۔

عوامی جمہوریہ چین نے گزشتہ ستر برسوں کے دوران ترقی کی جو منازل طے کی ہیں ان میں اس ملک کے ہنر مند افراد کا ایک بڑا حصہ شامل ہے۔  
یوم مئی کے موقع پر اپنے پیغام میں چین کے صدر مملکت شی جن پھنگ نے کہا کہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیں اور سخت محنت کی راہ پر قائم رہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بہترین تخیلقی صلاحیتوں کے حامل کارکن کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں۔

چینی صدر نے متعدد مواقع پر اپنے اہم خطابات میں  اس بات پر زور دیا ہے کہ مزدوروں کی دیکھ بھال بہت اہم ہے۔ جولائی 2016 میں ، ینچوان شہر کے نواح میں ننگڈونگ انرجی اینڈ کیمیکل پلانٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ، شی جن پھنگ نے کہا ، "سوشلزم اپنی کامیابیاں رقم کر چکا ہے۔ آج جو ہم نے حاصل کیا ہے وہ محنت کش طبقے کی سخت جدو جہد کا نتیجہ ہے۔ مستقبل کے بہت سے عظیم اہداف ہمارے منتظر ہیں۔

ہم پہلے صد سالہ ہدف کو حاصل کرنے کے قریب ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے حصے کا کام کرتا رہے"۔
شی جن پھنگ نے ہمیشہ پیشہ ورانہ تعلیم کو اہمیت دی ہے اور ہنر مند  افراد کی تربیت پر زور دیا ہے۔ان کے خیال میں ، "پیشہ ورانہ تعلیم نوجوانوں کے لئے کامیابی کا دروازہ کھولنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔" نومبر 2020 میں ، بیجنگ میں ماڈل ورکرز اور ایڈوانسڈ ورکرز کے لئے قومی تعریفی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

  اس موقع پر صدر شی جن پھنگ نے ایک اہم تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ سائنسی اور تکنیکی انقلاب اور صنعتی تبدیلی کے نئے دور تقاضوں کے فنی صلاحیتوں کو مستقل طور پر بہتر بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بڑے ممالک سے زیادہ  اعلیٰ مہارتوں کے حامل ماہرین اور کارکنوں کا تیار کرنا ہوگا۔
چار مئی چین میں نوجوانوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

رواں سال "یوتھ  ڈے" سے قبل چینی صدر شی جن پھنگ نے چھینگ ہوا یونیورسٹی کا دورہ کیا اورنوجوان طالب علموں کے ساتھ تبادلہ کیا۔ اس دورے کے دوران شی جن پھنگ نے ملک میں اعلی تعلیم کی ترقی کے حوالے سے اپنے نظریات کا تبادلہ کیا اور نوجوان طلباء سے وابستہ اپنی توقعات کا اظہار کیا۔چینی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو اپنے تاریخی مشن کو سنبھالنا چاہئے، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنے فرائض انجام دینا چاہیں۔


فنی تعلیم وتربیت کی اہمیت اورافادیت ایک مسلمہ حقیقت ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ترقی کی منازل انہی ممالک نے طے کیں جنہوں نے اس شعبے کو اہمیت دی۔ چین اس وقت اپنے ہنر مند افراد کی مدد سے ترقی اور تحقیق کی کامیابیاں زینہ بہ زینہ طے کررہا ہے۔ حالیہ چند برسوں میں چین اپنی ترقی کو اعلیٰ معیاری ترقی میں تبدیل کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ چین میں فشنگ بلٹ ٹرین، سی 919 طیارے، بحری جہاز، آبدوزیں، آبدوزیے، نیو گیشن نظام، خلائی راکٹ سمیت تمام اعلیٰ معیاری مصنوعات خود تیار کی جا رہی ہیں۔

 
چین کی چاند کے عقبی حصے پر کامیاب لینڈنگ ہو، مریخ مشن کی کامیاب لانچنگ یا چھانگ عہ فائیو کا چاند کی سطح سے نمونے اکھٹے کر کے واپس لوٹنے کاعمل، تمام کامیابی "میڈ ان چائنا" کی مدد سے حاصل کی ہیں۔ میڈ ان چائنا کو کامیاب کرنے میں چین کے ہنر مند افراد کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔  
چین کے انہی سنہرے ہاتھوں نے انتیس تاریخ کی رات گیارہ بج کر تیئیس منٹ پر چین کی وین چھانگلانچنگ سینٹر  سے چین کے اسپیس اسٹیشن کے کور ماڈیول کو  کامیابی کے ساتھ لانچ کیا ۔

یہ لانچنگ چین کے خلائی اسٹیشن مشن کے نئے دور میں کامیابی کا اعلان ہے۔یہ کامیابی آسانی سے ممکن نہیں ہوئی ہے۔ اس سفر کا آغاز اس وقت ہوا جب  چین کو امریکی غلبے کے شکار بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے "کلب" سے خارج کردیا گیا تھا۔ ان پابندیوں کے باوجود، چائنا ایرو اسپیس نے ترقی کا سفر جاری رکھا اور مسلسل جدوجہد سے موجودہ کامیابی حاصل کی۔

اپنے اپنے خول میں بند چند مغربی ممالک کے برعکس، چین ہمیشہ پرامن ، مساوات ، باہمی فائدے اور مشترکہ ترقی کے اصولوں پر کاربند رہا ہے۔ چین نے ہمیشہ خلائی اسٹیشن کو سائنسی اور تکنیکی تعاون کے لئے ایک کھلا پلیٹ فارم بنانے کی کوشش کی ہے۔ چین نے  اس پروگرام میں بین الاقوامی برادری کو شرک کی دعوت دی ہے۔ چینی خلائی اسٹیشن ، اس طرح کے تحقیقی شعبے کی تاریخ میں پہلی بار  ایساہوا ہے کہ اس طرح کا منصوبہ اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے لئے کھلا ہے۔ 

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :