مسئلہ کشمیر حل ہونے تک دنیا سے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی‘ بیرسٹر سلطان

جمعرات 21 ستمبر 2006 13:44

مانچسٹر (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) جموں و کشمیر پیپلز مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کراس بارڈر ٹیررازم اور دراندازی کے گھسے پٹے الزامات لگانے سے قبل یاد رکھے کہ اس نے مقبوضہ وادی میں آٹھ لاکھ فوج کے علاوہ دیگر فورسز تعینات کررکھی ہیں دنیا اس طرف توجہ دے کہ اتنی تعداد میں افواج کی موجودگی اور لائن آف کنٹرول پر باڑ بارودی سرنگیں کس طرح کراس کی جاسکتی ہیں اقوام عالم بھارتی مکرو فریب روایتی ہٹ دھرمی توسیع پسندانہ عزائم سمیت ریاستی دہشت گردی کو مدنظر رکھ کر غیر معمولی اقدامات کرے وہ گزشتہ روز اولڈہم سے مانچسٹر پہنچنے پر ایک عوامی جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ بھارت نے سیکولر ازم اور جمہوریت کے خول میں بنیاد پرستی اور بربریت کی انتہا کردی ہے بدنام زمانہ ٹاڈا کے ذریعے ماروائے عدالت کشمیری عوام کا قتل عام انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اقلیتوں پر مظالم خواتین کے بے حرمتی شہری و انسانی حقوق کی پامالیوں سے بھارت عصر حاضر کا لیڈنگ دہشت گرد ملک ہے انہوں نے کہا کہ بھارت امن مذاکرا کو بامقصد بنانے میں اخلاص رکھتا ہے تو وہ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں سے فوج واپس بلائے سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے بدنام زمانہ کالا قانون ٹاڈا ختم کرے انہوں نے کہا کہ عالمی امن اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے لازم ہے کہ کشمیری قوم کو اقوام متحدہ کے چارٹر آف ڈیمانڈ کے مطابق حق خود ارادیت دلوانے کے لئے عالمی قوتیں اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک کشمیری عوام جہاں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اور پاکستان کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہے ہیں وہاں وہ ایک اور فیصلہ کن معرکہ آرائی کے لئے اپنے آپ کو تیار رکھیں۔