مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے امریکہ اپنا کردار ادا کرے‘ عمر فاروق

جمعرات 5 اکتوبر 2006 12:35

واشنگٹن (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین05اکتوبر2006) کل جماعتی حریت کانفرنس نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے سات لاکھ سے زائد بھارتی افواج نے پوری ریاست کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھا ہے گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران نوے ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کیا گیا ہے ہزاروں نوجوان بھارتی جیلوں میں قید ہیں کشمیر میں جاری تحریک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہے ان خیالات کا اظہار کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے گزشتہ روز یہاں امریکہ کے نائب وزیر خارجہ رچرڈ باؤچر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر امریکی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے اس ملاقات میں امریکی حکام سے کہا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کے پُر امن حل کے لئے کوششوں میں مصروف ہے اس کے باوجود کہ کشمیر یوں کی خودمختاری اور بنیادی انسانی حقوق داؤ پر لگے ہیں تاحال یہ مذاکرات کشمیریوں کی شرکت کے بغیر دوطرفہ سطح پر ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ایک مثبت طریقہ کار اپنا نے کے لئے ہمیشہ تیار ہے تاکہ اس خطے میں اس دیرینہ مسئلے کا پُر وقار حل تلاش کیا جا سکے اور یہ تمام فریقین کے شمولیت سے ہی ممکن ہے ۔

میر واعظ نے امریکہ پر واضح کیا کہ مارچ 2005ء میں جب سے ہندوستانی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ اور حریت قیادت کے درمیان مذاکراتی عمل کا آغاز ہوا تب سے کشمیر میں حقوق انسانی کی پامالیوں میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے ۔ میرواعظ نے جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پہ شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہندوستان کو کشمیر سے متعلق اعتماد سازی کے اقدامات کرتے ہوئے کشمیر سے فوجی انخلا ، کالے قوانین کی منسوخی اور لاپتہ افراد کی تلاش اور سیاسی قیدیوں کی رہائی جیسے اقدامات کرکے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے ماحول کو سازگار بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہے ۔

میر واعظ نے ملاقات میں کشمیری نوجوان محمد افضل گورو کے حوالہ سے کہا کہ موصوف کو مقدمہ کے دوران غیرجانبدار قانونی امداد مہیا نہیں کی گئی جس کی روسے موصوف کی سزائے موت نا انصافی پہ مبنی ہے اور پوری کشمیری قوم گورو کی زندگی کیلئے فکرمند ہے۔ انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار دا کرے عمر فاروق نے کہا کہ دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر حل نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ گزشتہ نصف صدی کے مذاکرات کے نتائج ہمارے سامنے ہیں بائی لیٹرل ازم مسئلہ کشمیر حل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے اس لئے عالمی برادری خاص کرکے امریکہ کو چاہئے کہ وہ اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔