ملٹری ڈیموکریسی ناگزیر ہے‘ صدر پرویزمشرف پاکستان کی پہچان بن چکے ہیں‘ سردار عتیق۔۔ صدر جنرل پرویز مشرف کی کشمیر پالیسی سے سو فیصد متفق ہیں‘ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے

اتوار 8 اکتوبر 2006 13:11

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔8اکتوبر 2006ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ کشمیر عوام صدر پاکستان کی کشمیر پالیسی سے سو فیصد متفق ہیں ۔ پاکستان کی ترقی اور کشمیر کی آزادی کے لئے پاک فوج کا مضبوط ہونا اور ملک میں ملٹری ڈیموکریسی ناگزیر ہے۔ کسی بھی ملک کی پہچان اس کی قیادت ہوتی ہے اور پرویزمشرف دنیا میں پاکستان کی پہچان ہیں۔

یوم استقامت و عزم نو کے موقع پر یونیورسٹی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان امت مسلمہ کے عظیم رہنما ہیں ۔ ممالک علاقوں ‘ آبادی یا سڑکوں اور پلوں سے نہیں بلکہ قیادت سے پہچانے جاتے ہیں اور پاکستان کی پہچان صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005ء کو جو قیامت صغریٰ برپا ہوئی‘ 18لاکھ افراد بے گھر ہوئے ‘ 46ہزار شہید ‘ 40ہزار زخمی اور 30 ہزار معذور ہوئے اور اس موقع پر آپ کی قیادت اور پاک فوج کے علاوہ پاکستانی قوم نے جو بھرپور امداد کی اس کی تاریخ نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عام صدر پاکستان کی امن پالیسی کو سو فیصد قبول کرتے ہیں ۔ اور اس سے سو فیصد متفق ہیں ۔ آزاد کشمیر کے 30 لاکھ عوام روشنی میں پاکستان کے بے وردی سپاہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ملٹری ڈیموکریسی ناگزیر ہے۔ پاک فوج کا مضبوط ہونا تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کی سلامتی و بقا کے لئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزا دکشمیر میں ایک سال بعد بہت تیزی آ چکی ہے اور اس وقت تمام سکول ‘ ہسپتال بحال ہیں تمام دفاتر کام کر رہے ہیں اور تمام راستے کھلے ہیں۔

انہوں نے کہ کہ پاک فوج کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے اپنی لاشیں امانتاً دفنا کر عوام کی لاشیں ملبے سے نکالیں ۔ انہوں نے کہا کہ 8 لاکھ بھارتی فوج اور زلزلہ کشمیریوں کے پاکستان کے ساتھ تعلق کو کمزور نہیں کر سکا اور یہ رشتہ کبھی کمزور نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مظفر آباد میں زلزلے کے حوالے سے خوبصورت یادگار تعمیر کریں گے جس میں ہم زلزلے کا مکمل ریکارڈ رکھیں گے۔

یہاں ساری دنیا کا میڈیا بلائیں گے اور سارے سفیروں کو بلائیں گے اور سانحہ میں مدد کرنے والے ممالک کے جھنڈے لہرائے جائیں گے تاکہ ان کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری قوم اور بین الاقوامی برادری نے یہ دیکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے کسی کو مدد کیلئے نہیں آنے دیا گیا جس کے مقابلے میں آزاد خطہ کے اندر صدر پاکستان سمیت دنیا بھر کے ممالک اور میڈیا نے ساری صورت حال کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور اس عمل سے دنیا بھر کے سامنے بھارت کا چہری بے نقاب ہو گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :