جن لوگوں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوں وہ کشمیریوں کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کر سکتے ۔حریت کانفرنس۔۔بھارت نواز جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی نظرئیے کی آبیاری کررہی ہیں‘ترجمان

بدھ 29 اگست 2007 12:40

سرینگر(ٍٍاردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین29 اگست 2007) جماعتی حریت کانفرنس (ع) نے کہا ہے کہ جن لوگوں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوں وہ کشمیریوں کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔ عوام ہند نواز لیڈروں کو مسترد کرکے حریت پسند قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ریاست میں سرگرم بھارت نواز جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بھارتی نظرئیے کی آبیاری کر ررہی ہیں اور بھارت نواز جماعت پی ڈی پی کی صدر کا یہ بیان کہ کشمیر میں حریت پسند تنظیمیں مسئلہ کے حل کا حصہ ہے تو یہ بات صرف ان کی بھارت کے ساتھ وفاداری اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی نقطہ نظر کے ساتھ اتفاق کرنے کی حدتک درست ہے ۔

ترجمان کے مطابق پی ڈی پی جیسی ہند نواز جماعتوں کو مسئلہ کشمیر کے ھل کے حوا لے سے وہی حیثیت ہے جو بھارت کے کسی اور حکمران یا قومی لیڈر کی ہے ۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس( ع)مسئلہ کشمیر کو اس مسئلہ کے تینوں فریقوں کی رضا مندی سے حل کرنے کی کوششوں کی ہمیشہ سے حمایت کرتی آئی ہے ۔تاہم اس مسئلہ کے حوالے سے کشمیریوں کی نمائندگی کا حق صرف اور صرف جدوجہد آزادی میں مصروف حریت قیادت کو ہے کیونکہ حریت کانفرنس کشمیریوں کی خواہشات ،امنگوں اور خون کی ترجمان ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے خود سے اپنے ہاتھ رنگنے والے اور ہر طرح کے مصائب و آلام اور ظلم و تشدد میں مبتلا کرنے والے لوگ کس منہ سے کشمیریوں کی نمائندگی کا دعویٰ کررہے ہیں ۔ حریت ترجمان نے انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا کہ ہند نوازلیڈر ریاست میں کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ان لوگوں کو کشمیر کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار دیا ہے ،ترجمان نے کہا کہ حریت کانفرنس ایک بار پھر کشمیر کے آزادی پسند عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مگر مچھ کے آنسو بہا کر لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے والے بھارت نواز لیڈروں کے بہکاوے میں آنے کے بجائے آزادی پسند قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں اور اپنی مبنی بر حق جدوجہد کو مراعات کے نذرکرنے کے بھارت نواز لیڈروں کے منصوبوں کو ناکام بنائیں ۔