مسئلہ کشمیر کے حل کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے نہیں جوڑا جانا چاہیے کیونکہ 60برسوں میں کئی الیکشن ہوئے لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے‘میر واعظ عمر فاروق

منگل 22 اپریل 2008 12:00

سرینگر(اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین22اپریل 2008 ) حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کو ریاستی اسمبلی کے انتخابات سے نہیں جوڑا جانا چاہیے کیونکہ 60برسوں میں کئی الیکشن ہوئے لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے ۔انہوں نے کہا کہ 1988میں نوجوانوں نے جو بندوق اٹھائی تھی اسی کے طفیل مسئلہ کشمیر عالمی منظر نامے پر آیااور نوجوانوں کی قربانیوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک جلسے سے خطاب کے دوران میر واعظ عمر فاروق نے کہاکہ 1988سے کشمیر میں جتنی بھی قتل و غارت گری ہوئی اور جتنی بھی عصمتیں لٹیں ،وہ سب کی نظروں کے سامنے ہیں جس کو کوئی نہیں بھلا سکتا۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر اب عالمی منظر نامے پر آچکا ہے اور بھارت کے بغیر دنیا کے تمام ممالک مسئلہ کشمیر کو یہاں کے لوگوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کو مسئلہ کشمیر کے ساتھ ہر گز جوڑا نہیں جانا چاہیے۔ کیونکہ ان دونوں کا دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ پچھلے60برسوں میں کتنے الیکشن ہوئے تاہم مسئلہ کشمیر پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔میر واعظ نے کہاکہ ہماری تمام تر توجہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر ہے اور ہمارے پاس ایک مکمل ایجنڈا اور سیاسی سوچ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت مسئلہ کے حل کے حوالے سے ایک قدم بھی آگے بڑھتا ہے تو حریت دس قدم آگے بڑھنے کے لئے تیار ہے تاہم اس کے لئے ضروری ہے کہ بھارت مسئلہ کے بنیادی جْز پر آجائے۔وزیر اعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے میر واعظ نے کہا کہ” حریت لیڈران نے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران مسئلہ کے حل کے حوالے سے کوئی سودا بازی نہیں کی ہے اور اگر ایسا ہوتا تو آج عوام کے سامنے آنے کی ہمت نہیں کرتے۔

اسلام آباد کے عوام کی تعریفیں کرتے ہوئے میر واعظ نے کہاکہ انہیں یہاں کے لوگوں میں اب بھی تحریک کے لئے جذبہ اسی پیمانے پر نظر آرہا ہے جس پیمانے پر 1988میں تحریک کے آغاز میں لوگوں کے دل و دماغ پر تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حریت کے سینئر لیڈر شبیر احمد شاہ نے کہاکہ 60برسوں سے ہزاروں لوگ قتل کئے گئے اور ہزاروں لوگ غائب کر دئے گئے۔ گمنام قبروں کا انکشاف ہوا اور ہزاروں ایسے والدین جن کے بچے ابھی بھی لا پتہ ہیں ،اپنے بچوں کی گھر واپسی کی آس لگائے بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی انہیں بھلایا جا سکتا ہے ۔اس موقعہ پر اجلاس میں پیپلز لیگ کے چیرمین شیخ عبد العزیز نے بھی تقریر کی۔اس تقریب میں نعیم احمد خان ،ظفر اکبر بٹ ،ڈاکٹر غلام محمد حبی،محمد یوسف نقا ش اورایڈوکیٹ شاہدالاسلام بھی موجود تھے