کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں چارافراد ہلاک ، دو زخمی

ہفتہ 2 جنوری 2010 14:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔2جنوری۔ 2010ء) کراچی کے علاقوں شاہ فیصل کالونی ،لانڈھی اور سعود آباد میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں چارافراد ہلاک اور لیاقت آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں ٹنکی چوک کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے گھرکے باہرکھڑا24سالہ عامرشدیدزخمی ہوگیاجسے اسپتال منتقل کیاجارہا تھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا۔

(جاری ہے)

سعود آباد کے علاقے میں ڈی 4مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 38سالہ محمد علی ولد انتظار علی ہلاک ہوگیا،اس کا تعلق ایم کیو ایم حقیقی گروپ سے تھا۔لانڈھی 36 بی کی گلی نمبر 29میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 40سالہ ملک الیاس ولد عمر دین ہلاک ہوگیا۔جبکہ لانڈھی نمبر 4میں ہی موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے32سالہ دانش محمود شاہ کو ہلاک کردیا۔ہلاک ہونے والے تین افراد کی لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق لیاقت آبادنمبر4کے علاقے میں مسلح افراد نے فائرنگ کر کے گلی میں بیٹھے دو نوجوانوں22 سالہ رضوان اور20 سالہ شہزاد کو زخمی کر دیا۔زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے ہمدرد ہیں اور انھیں طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔