حریت وفد کے دورہ آزاد کشمیر سے تحریک آزادی مزید مستحکم ہوگی ‘ آرپار کے کشمیریوں کو آپس میں ملنے کا ایک اور موقع ملے گا‘کشمیر یوں کا جذبہ آزا دی سرد نہیں پڑا بھار ت کو مقبوضہ کشمیر سے نکال کردم لیں گے‘جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والے لوگوں کادفاع وطن میں اہم کردار ہے‘حکومت ان کا معیار زندگی بلند کرے گی، آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی کا عوامی وفود سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2012 15:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔14دسمبر 2012ء) آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ حریت وفد کے دورہ آزاد کشمیر سے تحریک آزادی مزید مستحکم ہوگی ‘ آرپار کے کشمیریوں کو آپس میں ملنے کا ایک اور موقع ملے گا‘کشمیر یوں کا جذبہ آزا دی سرد نہیں پڑا بھار ت کو مقبوضہ کشمیر سے نکال کردم لیں گے‘جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والے لوگوں کادفاع وطن میں اہم کردار ہے‘حکومت ان کا معیار زندگی بلند کرے گی ۔

وہ جمعہ کو مظفرآباد حلقہ2یونین کونسل پنج کوٹ کے دورہ کے موقع پر عوامی وفود سے خطاب کررہے تھے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ تحریک آزادی کی تکمیل اور اسے عالمی سطح پر اجاگر کرنا حکومت آزاد کشمیر کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلہ میں حکومت اپنی ذمہ داریوں سے با احسن آگاہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراطلاعات نے کہا کہ حریت وفد کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

وہ آزاد حکومت کے خصوصی مہمان ہیں۔حریت کانفرنس نے تحریک آزادی کو ابلاغی ،سیاسی وسفارتی سطح پر مضبوط کیا ہے اور حکومت آزاد کشمیر حریت کانفرنس اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیراطلاعات نے گزشتہ دنوں ہجیرہ سیکٹر میں جنگ بندی لائن پر قابض بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دشمن کا بزدلانہ فعل قراردیا ۔

وفود کے سوال پر وزیراطلاعات نے بتایا کہ حکومت نے آزاد کشمیر کے لئے باالعموم نیلم ویلی اور مظفرآباد کے دوردراز اور دشوار گزارعلاقوں کے مکینوں کے لئے خوراک اور اشیاء ضروریہ کا وافرتعداد میں بندوبست کردیا ہے اور عوام کو ان کی ضروریا ت ان کے گھروں تک پہنچائی جائیں گی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں وزراء دن رات عوام کے مسائل حل کرنے میں کوشاں ہیں۔وفودنے وزیراطلاعات سید بازل علی نقوی کو مقامی مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراطلاعات نے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہدایات جاری کیں۔