ملک بھر میں آئندہ 5 روز تک گرمی کی لہر جاری رہے گی، آئندہ ہفتے اسلام آباد،پنجاب ،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ چندمقامات پر بارش کا امکان ہے؛ محکمہ موسمیات

بدھ 11 جون 2014 13:07

اسلا م آ با د( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2014ء ) ملک بھر میں گرم ہواؤں اور شدید گرمی کا راج برقرار ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حالیہ گرمی کی لہر آئندہ 5 روز تک جاری رہے گی۔ تفصیلا ت کے مطا بق دن بھرآگ برساتے سورج کی تیز دھوپ سے شہری بے حال رہتے ہیں۔گرمی کی شدت کوکم کرنے کیلیے گنے کا رس، ٹھنڈے ٹھنڈے لا ل تربوز ،کھٹے میٹھے فالسے ،لسی ،اور ستو کا استعمال بڑھ گیا ہے۔

ملک کے مختلف علاقوں کا پارہ چڑھ گیا ہے۔ دن کے وقت تربت کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔دادو میں درجہ حرارت 48 ، منڈی بہاء الدین میں 47 ، لاہور، فیصل آباد ،سرگودھا اور نواب شاہ میں 46،پشاوراورملتان میں 45، مظفر آباد 43 ، حیدر آباد40 ، کوئٹہ میں 37 اور کراچی میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے میں پیر اور منگل کے روز اسلام آباد،پنجاب ،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ چندمقامات پر بارش کا امکان ہے۔

ادھر گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے جس نے بجلی کے شارٹ فال کو مزید بڑھا دیا ہے۔شہری اور دیہی علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ملک کے مختلف حصوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف چھوٹے بڑے مظاہرے گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیں۔محکمہ موسمیات کاکہنا ہیکہ اگلے ہفتے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر کے دریاوٴں میں برف پگھلنے کی وجہ سے بہاوٴ میں اضافہ ہوگا اور تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے جس سے بجلی کی پیدوار بڑھائی جاسکتی ہے۔

پاکستان میں شدید گرمی میں شہریوں کو روزگار کے لیے گھروں سے نکلنا پڑتا ہے۔کڑی دھوپ میں سیمنٹ کی بوریاں ڈھونے والے محنت کش محمد اکرم کی موٹرسائیکل پک اپ کو میں نے سڑک کنارے روکا اور پوچھا کہ اتنی گرمی میں وہ کیا کر رہے ہیں؟ انھوں نے کہا کہ اگر وہ کمائیں گے نہیں تو گھر میں فاقے ہوں گے۔انھوں نے بتایا کہ ’وہ آٹھ ہزار روپے ماہوار کے ملازم ہیں اور اگر چھٹی کرتے ہیں تو تنخواہ کٹ جاتی ہے۔‘محمد اکرم نے کہا ’گرمی سے بیمار پڑ کر انھوں نے چھٹی کی تھی لیکن سیمنٹ فروش مالک دکان نے انھیں زبردستی بلا لیا۔‘