آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین 3روزہ دورہ لندن کے بعدبراستہ دوبئی وطن واپس پہنچ گئے

دوبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی ذرداری سے ون ٹو ون اہم ملاقات،آزاد کشمیر کے حکومتی امور سمیت اہم سیاسی و پارٹی معاملات پر تفصیلی بات چیت پاکستان واپسی کے فوری بعد مظفر آباد میں پارلیمانی میٹنگ اور بعد ازاں بجٹ اجلاس میں شرکت کی

جمعہ 20 جون 2014 20:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین20۔جون۔2014ء) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین 3روزہ دورہ لندن کے بعدبراستہ دوبئی وطن واپس پہنچ گئے ،دوبئی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی ذرداری سے ون ٹو ون اہم ملاقات،آزاد کشمیر کے حکومتی امور سمیت اہم سیاسی و پارٹی معاملات پر تفصیلی بات چیت ،پاکستان واپسی کے فوری بعد مظفر آباد میں پارلیمانی میٹنگ اور بعد ازاں بجٹ اجلاس میں شرکت کی ،تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین جو کہ کچھ روز قبل 3روزہ نجی دورہ پر لند ن گئے تھے براستہ دوبئی وطن واپس پہنچ گئے ہیں ،دوبئی میں انکی پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ون ٹو ون اہم ملاقات ہوئی جس میں آزاد کشمیر کے سیاسی معاملات ،حکومتی و پارٹی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی ،سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین نے آزاد کشمیر میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پیپلز پارٹی حکومت کی خدمات کے حوالے سے انہیں بریف کیا ،جس پر شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت کی سیاست کو پروان چڑھانا چاہتی ہے ،پیپلز پارٹی کا منشور عوام کی خدمت پر مشتمل ہے ،ہم ملک کے غریب ،مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی آواز ہیں ،ہمارے دور حکومت میں شروع کی گئی مفاہمتی سیاست کے ثمرات ملک کو ملنا شروع ہوگئے ہیں ،ہم نے سیاسی انارکی کے بجائے برداشت ،تحمل اور مساوات کی سیاست کو فروغ دیا جو اس ملک کی حقیقی ضرورت تھی ،ہم نے جموریت کو مضبوط کر کے شہید بی بی اورذوالفقار علی بھٹو شہید کا مشن پورا کیا ہے ،آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت صرف اور صرف عوامی خدمت کو اپنا طرہ امتیاز بنائے ،ملک میں جمہوری حکومتوں کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے کی روایات چل پڑی ہیں ،اسی میں ملک و قوم کی فلاح کا راز ہے ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں چوہدری محمد یٰسین دوبئی سے اسلام آباد پہنچے جہاں سے وہ دارالحکومت مظفر آباد روانہ ہوئے جہاں انہوں نے پارلیمانی میٹنگ اور بجٹ اجلاس میں شرکت کی ،مظفر آباد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجٹ میں تعمیر و ترقی ،عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہترین بجٹ پیش کیا ہے ،مکمل عوامی بجٹ پیش کرنا حکومت کی کامیابی ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنا تیسرا بجٹ دیا ہے جس میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے ،چوہدری محمد یٰسین نے مزید کہا کہ میگا پراجیکٹس اور سٹی ڈویلپمنٹ کے چھوٹے بڑے منصوبہ جات کی تکمیل سے خطہ خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا،خطہ میں گڈ گورنس کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل ہوا ہے ،وفاقی حکومت کے تعاون سے میگا پراجیکٹس کی تکمیل کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں ،انشاء اللہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت کو سنہرے دور کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔