غزہ پر اسرائیلی جارحیت امت مسلمہ کی صفوں میں انتشار کا نتیجہ ہے۔۔۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

جمعہ 18 جولائی 2014 17:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18جولائی۔2014ء) جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے امیر محمد عبداللہ وانی نے عزہ میں فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیّت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اُمت مسلمہ کی بے بسی اور بے کسی کی واضح مثال اور امت کی صفوں میں پائے جانے والے انتشار کا نتیجہ قراردیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی محمد عبداللہ وانی نے جامع مسجد بیت المکرم بارہمولہ میں نماز جمعہ کے اجتماع کے موقع پرہزاروں لوگوں سے خطاب میں کیا ہے۔

انہوں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری بالخصوص مسلمان ممالک کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانیت کے قتل عام کا تماشہ دیکھ کر دنیا کے یہ اقوام اور ادارے اسرائیلی مظالم کو جائز ٹھہرانے کے جرم کا ارتکاب کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

امیر جماعت نے کہا کہ ہمیں فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارکیلئے بیان بازیوں سے آگے بڑھ کر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل طور پربائیکاٹ کرکے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم اسرائیل کی اِن وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف ہیں اور اس طرح کی درندگی کو خاموشی سے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وطنیت، قومیت، نسلیت کے نام پر اسلام کے نام لیواوٴں کو ایک دوسرے کا دشمن بنایا گیاہے اور اُمت کے اِس آپسی انتشار کا ہی نتیجہ ہے کہ اسرائیل جیسے ممالک مسلمانوں کا خون پانی کی طرح بہانے میں مشغول ہیں اور ہر آنے والے دن کے ساتھ ساتھ مسلمانوں پر ظلم و ستم کی یہ داستان طویل ہوتی جارہی ہے۔اُدھر قیم جماعت اسلامی ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے مسجد الھدیٰ باراں پتھر بتہ میں غزہ پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کی شدیدالفاظ میں مذمت کی۔ اس کے علاوہ ریاست بھر میں جماعت اسلامی کے خطباء اور ائمہ نے مختلف مساجد میں اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کی اور بھر پور انداز میں احتجاج کیا۔