بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے ۔۔۔حریت رہنماء

منگل 19 اگست 2014 19:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اگست 2014ء ) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکریٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کرنے پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل کی طرف غیر سنجیدہ سوچ اختیار کر رہا ہے ۔ سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ نے نئی دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال کے بارے میںآ گاہ کیا۔

انہوں نے ہائی کمشنر سے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں کے بعد حریت رہنماؤں نے کہاکہ پاکستان نے کشمیر کاز کی سیاسی ، سفارتی اورا خلاقی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔ سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے ایک بیان میں بزرگ رہنماء سمیت دیگر حریت پسندرہنماؤں کی پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقات کے خلاف نئی دلی میں انتہا پسند ہندوؤں کے مظاہرے کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے اسلام آبا دمیں جاری ایک بیان میں بھارت کے اعتراضات کے باوجود کشمیری حریت قیادت کے ساتھ مذاکرت کرنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے یہ واضح پیغام ملا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے مفادات کی قیمت پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینئر سید یوسف نسیم کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار ہمدردی کیلئے راولپنڈی میں انکی رہائش گاہ پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔اجلاس میں حریت رہنماؤں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔