مقبوضہ کشمیر ،بھارنی فوج کی کارروائی، دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا

منگل 26 اگست 2014 19:33

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 اگست 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں دو اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کیرن اور کلاروس میں جاری تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ضلع کے علاقے لولاب میں مجاہدین اور بھارتی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اوردو زخمی ہوگئے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے آج اسلام آبادکے ٹاؤن ہال میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ حقیقت پسندانہ سوچ اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کے حل کیلئے اقدامات کرے۔

تقریب کا اہتمام میر واعظ کی تنظیم عوامی مجلس عمل کی پچاس سالہ تقریبات کے سلسلے میں کیا گیا تھا ۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ ان کی پارٹی تحریک حریت جموں و کشمیر کے رہنماؤں اور کارکنوں کو جدوجہد آزادی سے متعلق اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکنے کیلئے انتقامی کارروائی کانشانہ بنارہی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سید بشیر اندرابی نے پلوامہ میں تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے بارے اپنی ہٹ دھرمانہ پالیسی ترک کرے اور اس مسئلہ کو پاکستان ، بھارت اور حقیقی کشمیری حریت قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔ نیویار ک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے ایک بیان میں پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام مسائل پرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔ ان کا یہ بیان بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات کے منسوخی کے تناظر میں سامنے آیا۔

متعلقہ عنوان :