مقبوضہ کشمیر ، سیلابی پانی سے باراتیوں کی بس کھائی میں گر جانے سے 50 افراد ہلاک ہونے کا خدشہ

ائر فورس کے ہیلی کاپٹرز بھی مدد کے لیے تیار ہیں ، تیز بارش سے دشواری کا سامنا ہے ،پولیس حکام

جمعرات 4 ستمبر 2014 21:34

سری نگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4ستمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں سیلابی پانی سے باراتیوں کی بس کھائی میں گر جانے سے 50 افراد ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔پولیس کے مطابق شدید بارش کے بعد پانی کی طغیانی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کی جا چکی ہیں۔بس کو حادثہ سری نگر سے 350 کلو میٹر دور راجوڑی کے علاقے میں پیش آیا۔ڈویڑنل کمشنر شنتمانو کا کہنا تھا کہ بس جس وقت کھائی میں گری اس وقت اس میں 50 سے 60 افراد سوار تھے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایک اور علاقے کے ڈویڑنل کمشنر روہیت کنسال کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے مزید 24 گھنٹے تک بارش ہونے کی پیش گوئی کی ۔ان کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے باعث متاثرہ علاقوں سے لوگوں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تیز بارش کے ساتھ ساتھ دریا کی گہرائی بھی امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہی ہے۔آئی پی پولیس راجیش کمار کا کہنا تھا کہ امدادی ٹیموں کے ساتھ ساتھ فوجی جوان بھی اس علاقے میں پہنچ چکے ہیں جبکہ ائر فورس کے ہیلی کاپٹرز بھی مدد کے لیے تیار ہیں مگر تیز بارش سے ان کو دشواری کا سامنا ہے ۔