وزیراطلاعات آزاد کشمیر کی فریال تالپور کو سیلاب کے حوالے سے بریفنگ

منگل 9 ستمبر 2014 15:34

ٓاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 ستمبر۔2014ء ) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے دن رات کام کرے اور امدادی کاروائیوں میں تمام وزراء خود نگرانی کریں تاکہ لوگوں کو فوری طور پر ریلیف مہیا کیا جاسکے ۔محترمہ فریال تالپور نے یہ بات وزیر اطلاعات،زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی سے بات چیت میں کہی۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے محترمہ فریال تالپور کو تفصیلی بریفنگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ آزادکشمیر کے تمام علاقوں میں ریلیف کا کام بھرپور انداز میں جاری ہے اور وزراء خود تمام کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ خود وزیرا عظم نے تمام متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کے حوالے سے بریفنگ لی ،وزیر اطلاعات نے بتایا کہ حکومتی مشینری پوری طرح سے متحرک ہے وزراء خود شدید بارشوں سے ہونے والے علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں اور نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے شدید بارشوں سے ہونے والے نقصان سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی جائزہ رپورٹس مرتب کرنے کا حکم دے دیاہے اور اس سلسلے میں تمام ضلعی کمشنرز ،ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسران و اہلکاران تندہی سے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا حکومت تمام متاثرین کو فوری امداد فراہم کرے گی ۔اس موقع پر محترمہ فریال تالپور نے شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اس آفت سے نمٹنے کے لیے پوری طرح متحرک رہے۔

انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ جنگی بنیادوں پر کام کرے تاکہ لوگوں کو پیش آنے والی مشکلات کا آسان بنایا جا سکے اور انہیں سہولتیں فراہم کی جاسکیں ۔انہوں نے جانی ومالی نقصان پر بھی گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور اللہ تعالی سے دعا کی کہ وہ غم کی اس گھڑی میں متاثرین کی مدد فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مخیر حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ دل کھول کر امداد دیں تاکہ گھروں سے بے گھر ہونے والوں کی امداد کی جاسکے ۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پوری قوم کو بھی ایک ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اس قدرتی آفت سے نمٹا جا سکے ۔اس موقع پر لوگوں نے وزیر اطلاعات نے محترمہ فریال تالپور کو اب تک ہونے والے نقصانات سے متعلق بتایا،اس موقع پر محترمہ فریال تالپور نے ضلع حویلی میں ہونے والے حادثے میں پاک فوج کے افسرسمیت جوانوں کی شہادت پر بھی گہر ے غم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے اعتماد پر پورا اتری ہے ۔