اقوام عالم کے سامنے جرات، جوانمردی سے مسئلہ کشمیر پیش کرنے پر کشمیر قوم محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، زاہد القمر خان

پیر 29 ستمبر 2014 15:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی راہنما زاہد القمر خان نے کہاہے کہ میاں نوازشریف نے جس جرات او رجواں مردی سے اقوام متحدہ میں اقوام عالم کے سامنے مسئلہ کشمیر کو پیش کیااس پر ان کوپوری کشمیری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ دھرنے والوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریاں اور مقبوضہ کشمیر میں سیلاب نظر نہیں آیا۔

اس لیے کشمیری قوم نئے پاکستان کیساتھ نہیں رہے گی۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں میاں نوازشریف کے دلیرانہ موقف سے تحریک آزادکشمیر میں نئی جان پڑ گئی ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیرکی تمام حریت قیادت نے میاں نوازشریف کے دلیرانہ موقف پر تسکین کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف نے بڑی جرات اور دوٹوک انداز میں بھارتی دباؤ کومسترد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کوکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہاکہ سکاٹ لینڈ کی طرز پر کشمیریوں کو رائے شماری کاحق دیاجائے ۔ ورنہ ایشیامیں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں دھرنے والوں کواس بات کی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ کشمیری عوام کیساتھ یکجہتی کااظہار کرتے الٹا یواین او کے سامنے جب مقبوضہ کشمیر پر بات ہورہی تھی دھرنے والوں نے اس کی مخالفت کی انہوں نے کہاکہ ہم وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کو کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کرنے پر نہ صرف ان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں بلکہ ان کیساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔