کشمیر بار ایسو سی ایشن کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے نواز شریف کے خطا ب کا خیرمقدم ، بھارتی وزیراعظم کی جوابی تقریر پر شدید تنقید

بدھ 1 اکتوبر 2014 16:33

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیر ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر بارے وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے خطاب کو سراہتے ہوئے اس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جوابی تقریر پر شدید تنقید کی ہے ۔بارکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ بھارت خو د ہی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ لے کر گیا تھا اور اورعالمی ادارے کی سلامتی کونسل نے اس مسئلے کے بارے میں متعددقراردادیں منظور کرر کھی ہیں جن میں کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت فراہم کرنے کی بھارت اور پاکستان پر زوردیا گیا ہے ۔

تاہم بھارت نے کشمیریوں کو ان کے حق خوداردیت سے مسلسل محروم رکھا ہوا ہے اور عالمی ادارہ ہی وہ معقول اور مناسب فورم ہے جہاں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 1957سے بھارت کی طرف سے منعقد کرائے جانے والے تمام الیکشن فراڈ ہیں اور وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ہیں۔بار نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جلد بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات شروع کرے۔ بارایسوسی ایشن نے مقبوضہ علاقے میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے 100خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔