چناری،بھارت سے اجازت نہ ملنے پر مقبوضہ کشمیر کے سیلاب زدگان کیلئے امداد لے جانیوالے ایک درجن سے زائد ٹرکوں کو چکوٹھی کے مقام پر روکدیا گیا ،

فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے ذمہ داران ٹرک واپس مظفر آباد لے گئے

ہفتہ 4 اکتوبر 2014 19:04

چناری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر 2014ء) بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرہ عوام کو امدادی سامان لائن آف کنٹرول چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ سے بھجنے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن آزاد کشمیر کے ایک درجن سے زائد ٹرک جن میں کروڑوں روپے مالیت کا کھانے پینے کا سامان ، ٹینٹ ، گرم کپڑے شامل تھا کو حکومت آزاد کشمیر نے چکوٹھی کے مقام پر روک دیا جس کے بعد فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے زمہ داران وہ ٹرک واپس مظفر آباد لے گئے تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ آزاد کشمیر کے صدر و اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر خان ، جماعت الدعوة کے امیر عبدالعزیز علوی کی قیادت میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن ایک درجن ٹرک لے کر جب چکوٹھی پہنچے توڈپٹی کمشنر ہٹیاں بالا تہذیب النساء، ایس پی ہٹیاں عارف کاظمی اور ڈی ایس پی ہٹیاں سلیم درانی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موجود تھے انہوں نے ریلیف کے لدے ہوئے ٹرکوں کو یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ ہندوستان کی جانب سے ریلیف کے ٹرکوں کو لائن آف کنٹرول کراس کرنے کی اجازت نہیں ہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بس اور ٹرک سروس کے لےئے لائن آف کنٹرول کو کھولنا ہم تسلیم نہیں کرتے اگر لائن آف کنٹرول کو کھولنا ہی ہے تو اسے ریلیف سرگرمیوں کے لےئے کھولا جائے تاکہ مقبوضہ کشمیر کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کی جا سکے انہوں نے کہا کہ سیلاب میں مرنے والے لوگوں کو کتے کھا رہے ہیں جمہوریت کے دعویدار بھارت خاموش تماشاہی کا کردار اداء کر رہا ہے بین الاقوامی برادری بلخصوص امریکہ ، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کشمیری عوام کو ریلیف پہنچانے کے لےئے لائن آف کنٹرول کو کھولنے کے لےئے بھارت پر دباؤ ڈالیں انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کو کھولنے کے لےئے وزیر اعظم پاکستان سے بھی بات چیت جاری ہے عید کے بعد عوام خوشخبری سنیں گے اجتماع سے امیر جماعت الادعوة عبد العزیز علوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صدی کا سب سے بڑا سیلاب آیا ہے جس میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں عوام کو رہنے کے لےئے چھتیں میسر نہیں اور عوام کے پاؤں تاحال پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں آزاد کشمیر کے عوام کو مقبوضیہ کشمیر کے عوام کی مدد کے لےئے جانے دیا جائے لائن آف کنٹرول کو لائین آف ریلیف میں تبدیل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انٹرنیشنل این جی اوز کی خاموشی معنی خیز ہے جہاں لاکھوں افراد لاپتہ ہیں اور لاکھوں بے گھر ہیں بھارت اگر سامان وصول نہیں کر رہا تو اس سے اس کا وہ چہرہ سامنے آجائے گا کہ وہ کتنا فلاحی مملکت ہے عید کے بعد سردیوں کے لےئے سامان اور اپنے بھائیوں کے گھروں کی تعمیر کے لےئے ہمارے ورکر مقبوضہ کشمیر جانے کے لےئے تیار ہیں فلفور اس مقصد کے لےئے لائن آف کنٹرول کو کھولا جائے اس موقع پرFIF کے نائب امیر ابو سیاب امیر تعلقات عامہ غلام اللہ آزاد، ظفر اقبال کشمیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا