پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی‘چوہدری لطیف اکبر

جمعرات 9 اکتوبر 2014 15:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے مرکزی سیکرٹری جنرل وزیر خزانہ منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی اور پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح کشمیریوں سے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کر کے کشمیر کی ہندوستان کے ناجائز قبضہ سے آزادی کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،18 اکتوبر کو ملک بھر کی طرح تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے بھی ہزاروں افراد کراچی میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام جلسہ عام میں شرکت کر کے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے اور کشمیر کی آزادی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کا عہد کرینگے،چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جواں سال قیادت بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر گھنسوں گھنسوں کشمیر گھنسوں کا نعرہ لگا کر کشمیر کی آزادی کی جدوجہد مہمیز کیا ہے،انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو یہ بات جان لینی چاہیے کہ پاکستان میں جب تک بھٹو خاندان سیاست کے افق پر چمکتا رہے گا اس وقت تک کشمیر اور پاکستان کو کوئی بھی طاقت ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی ،انہوں نے کہا کہ بھارت نے لائن آ ف کنٹرول پر فائرنگ بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر کی ہے ،انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کوسندھ کی دھرتی پر چاروں صوبوں،گلگت بلتستان اور کشمیر سے انسانوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کی مہر ثبت کریں گے۔