بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی بڑھا کر آگ سے کھیل رہا ہے  سردار عتیق خان

پاکستان اوربھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں  کارکنوں سے گفتگو

اتوار 12 اکتوبر 2014 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔2 1اکتوبر 2014ء) آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم اور آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردارعتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر کشیدگی بڑھا کر آگ سے کھیل رہا ہے۔وہ یہ بات فراموش نہ کریں کہ کوئی معمولی سے غلطی خطے کا امن خاکستر کر سکتی ہے۔وہ گزشتہ روزمسلم کانفرنسی رہنماء اعجاز عباسی کی رہائش گاہ پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی روک کر اس کے لہلیاتے کھیتوں کو بنجر اورویران بنا رہا ہے پاکستان اس آبی جارحیت پر خاموش تماشائی بن کر نہیں رہ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اوربھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اب پاکستان1971ءء کا نہیں جب بھارت نے جارحیت کر کے اسے دولحت کیا تھا آج پاکستان بھارت کے لیے لوہے کا چنا ثابت ہوسکتاہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن سرحدوں کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے پوری قوم بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح فوج کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لینا چاہیے اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کی وجہ بننے والے مسئلہ کشمیر کو ترجیح اول کے طور پر حل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھارت یہ بات جان لے کہ دھونس،دھمکیوں کا زمانہ گزر گیا اب مسائل کو برابری کی سطح پر ہی حل کیا جا سکتاہے۔