ایم کیوایم آزادکشمیر کی ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور جارحیت کی شدید مذمت ، عالمی برادری سے بھارت کی اشتعال انگیزی کی نوٹس لینے کامطالبہ

پیر 13 اکتوبر 2014 17:15

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء ) ایم کیوایم آزادکشمیر نے ورکنگ باؤنڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارت کی اشتعال انگیزی کی نوٹس لینے کامطالبہ کردیا- گزشتہ روز میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ‘جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی ‘ وزیرٹرانسپورٹ و امداد باہمی طاہرکھوکھر نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی دنیا کا امن خطرے میں ڈال سکتی ہے ‘ اقوام متحدہ ‘ امریکہ اور یورپین یونین فوری نوٹس لیتے ہوئے خطہ کو جنگ کی تباہ کاریوں سے بچائے ‘بھارت نے اگر اشتعال انگیزی بند نہ کی تو پاکستانی افواج اوربھارت کو دندان شکن دینے کیلئے بے تاب ہے ‘خطہ کے امن کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار عالمی برادری اور بھارتی قیادت ہو گی - انہوں نے کہاکہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور ہمیں اپنی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جذبہ جب الوطنی پر فخر ہے بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے - طاہرکھوکھر نے کہا کہ مودی سرکار جنگی جنوں میں مبتلا ہے ‘ وہ اپنے اندرونی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو کر خطہ کو جنگ کی دلدل میں دھیکنا چاہتے ہیں ‘ کشمیر سمیت بھارت میں علیحدگی کی درجنوں تحریکیں چل رہی ہیں ‘ کروڑوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ‘ لاکھوں لوگ فٹ پاتھوں پر زندگی گزار رہے ہیں اور لاکھوں فاقوں سے مر رہے ہیں لیکن بھارتی قیادت اپنے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے جنگی جنوں میں مبتلا ہو کر دفاعی بجٹ میں اضافہ اور اب سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ شروع کر کے دنیا کی توجہ اندرونی مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے انہوں نے کہاکہ اگر عالمی برادری نے صورتحال کانوٹس نہ لیاتوخطہ کسی بھی وقت تباہ کن ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتا ہے پاکستان کے عوام اپنی سرحدوں کی مزید خلاف ورزی برداشت نہیں کریں گے - انہوں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں اور بھارتی افواج کی جانب سے آزادکشمیر میں نہتے شہریوں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں پرامن تحریک آزادی کو دبانے میں ناکامی کے بعد اوچھے اور بزدلانہ ہتھکنڈوں پراتر آیا ہے لیکن اسے منہ کی کھانا پڑے گی ‘ آزادکشمیر کے عوام ان گھٹیا حربوں سے ڈرنے والے نہیں اور پاک فوج کی پشت پر کھڑے ہیں ملک و قوم کو درپیش کسی بھی خطرہ ‘ جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کشمیری عوام کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہیں - طاہرکھوکھر نے کہاکہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کیلئے پرامن جدوجہد کی حمایت کی ہے ‘ اور ہر فورم پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے پر زور دیا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر مسئلہ کاکوئی بھی حل قبول نہیں کیاجائے گا -انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم متحد و منظم ہے او ر وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے ذریعے اپنی تقدیر کافیصلہ خود کریں گے