بلاول بھٹو نے بھارت کیخلاف سخت زبان استعمال کر کے ثابت کیا پیپلز پارٹی ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضامن ہوسکتی ہے، عبدالسلام بٹ

بدھ 15 اکتوبر 2014 16:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء) وزیرسیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہاہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ذرداری نے بھارت کے خلاف سخت زبان استعما ل کر کے ثابت کیا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضامن ہوسکتی ہے ان کے بیان نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے ‘جس سے بھارتی ایوانوں میں ہلچل مچ گئی ہے ‘اور بھارت نے بوکھلا کر لائن آف کنٹرول پر سول آبادی پر بلاجواز فائرنگ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جوکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔مسلح افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔کشمیر کا بچہ بچہ آزادی کے لئے کٹ مرنے کے لئے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اب اسے کشمیر آزاد کرنا پڑے گا ۔ وزیر سیاحت نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی میں 18 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے جلسہ کے حوالے سے پی پی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبرکا جلسہ دختر مشرق کے بیٹے بلاول بھٹوذرداری کا خطاب پاکستان کی تاریخ رقم کرے گا۔دیگر سیاسی جماعتوں کو معلوم ہو جائے گا کہ پاکستان کے غیور عوام کس کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول میں پاکستان کی بہتری کے لئے کام کرنے کا جذبہ موجود ہے وہ اپنی والدہ کے ادھورے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی جلسہ میں پورے پاکستان آزاد کشمیراور دنیا بھر سے جیالے پی پی کے جلسہ قبل ہی اپنے نوجوان قائد کے خطاب کو سننے کیلئے بے تاب ہیں ۔پاکستان اور آزاد کشمیر سے پی پی کے جیالے جلسہ کو کامیاب کروانے کیلئے ورک کر رہے ہیں ۔آزادکشمیر میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر عوام کا سمندر کراچی میں 18 اکتوبر کی شام کو پاکستان کی سیاست کارخ موڑ دیں گے ‘ کراچی جیئے بھٹو اور جیئے بلاول کے نعروں سے گونج اٹھے گا ۔