نواز شریف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے لیے آواز اٹھائی،صدر آزاد کشمیر

جمعرات 16 اکتوبر 2014 17:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 اکتوبر۔2014ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیر کے لیے آواز اٹھائی ۔بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ کشمیر کا ایک ایک انچ واپس لیں گے ،اس بیان پر انہوں نے کشمیری عوام کے دل جیت لیے ہیں ۔18اکتوبر کو کشمیری عوام نوجوانوں اور عوام کے مقبول لیڈر بلاول بھٹو زرداری کا کراچی کے جلسے میں تاریخ استقبال کریں گے ۔

یہ جلسہ دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ پاکستان کی قوم متحد ہے ۔وہ جمعرات کو پیپلزمیڈیا سیل کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ہے ۔کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ اگر کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے ایک ہزار سال تک جدوجہد کرنی پڑی تو کریں گے اور کشمیرحاصل کریں گے ۔

ذوالفقار علی بھٹو نے جس طرح کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیا اب ان کاوژن بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو جلسہ ایک قوم یا برادری کا نہیں بلکہ پاکستانی اور کشمیری عوام کا جلسہ ہوگا ۔اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے ۔کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا ۔

آج مقبوضہ کشمیر میں انسان اور جانور ایک ہی گھاٹ سے پانی پیتے ہیں ۔پاکستان کی حکومت ،فوج اور عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے اب بلاول بھٹوزرداری دنیا میں کشمیریوں کی آواز ثابت ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 18اکتوبر کو کراچی کا جلسہ ایک تاریخی جلسہ ہوگا اور کشمیری عوام اس جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے ۔اس موقع پر سعید غنی ،منظور عباس اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔