پی پی پی بھٹو فیملی اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں ،شازیہ اکبر

شہید بھٹو نے کشمیر کی آزادی کیلئے ہزاروں سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا،بلاول بھٹو نے سارا کشمیر بھارت سے لینے کا اعلان کر کے ہندوستان میں ہلچل مچا دی 15نومبر کو برمنگھم میں بلاول بھٹو کا برطانیہ و یورپ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا،ہزاروں کشمیری و پاکستانی شرکت کریں گے، وزیر ماحولیات آزاد کشمیر

اتوار 2 نومبر 2014 15:42

کوٹلی(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 2 نومبر 2014) آزاد کشمیر کی وزیر ماحولیات چیئر پرسن پی پی پی لیڈیز ونگ آزاد کشمیر شازیہ اکبر نے کہا ہے کہ پی پی پی بھٹو فیملی اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں ،شہید بھٹو نے کشمیر کی آزادی کیلئے ہزاروں سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا، شہید بی بی نے کشمیر یوں کی ہر فورم پر نمائندگی کی، چیئرمین بلاول بھٹو نے سارا کشمیر بھارت سے لینے کا اعلان کر کے ہندوستان میں ہلچل مچا دی، بلاول بھٹو ہر جلسہ میں کشمیر کی بات کر رہے ہیں ،15نومبر کو برمنگھم میں بلاول بھٹو کا برطانیہ و یورپ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا جسمیں ہزاروں کشمیری و پاکستانی شرکت کریں گے، وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید، سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین چیئرمین بلاول بھٹو کے جلسہ کی کامیابی کے سلسلہ میں برطانیہ میں متحرک ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

وفود سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ ملین مارچ میں چند شر پسند عناصر نے چیئرمین بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران خلل ڈال کر کشمیر دشمنی کا ثبوت فراہم کیا ہے، بلاول بھٹو ملین مارچ میں کشمیر کی آزادی اور بھارت کے ظلم و جبر کی بات کر رہے تھے مگر بھارتی ایجنٹوں نے منظم سازش کے تحت بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران ہلڑ بازی کی ناکام کوشش کی کیونکہ مخالفین اور بھارت کو خطرہ ہے کہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی نشانی بلاول بھٹو نہ صرف کشمیر کو بھارت سے چھین لے گا بلکہ پاکستان میں کہی سیاست دانوں کی چھٹی کرا دے گا،نوجوان قیادت بلاول بھٹو ہیں ،پاکستان اور کشمیر کے نوجوان اب ساٹھ سال کی عمر سے اوپر کے سیاستدانوں کے ساتھ نہیں چل سکتے، وہ 25سالہ نوجوان بلاول بھٹو کی قیادت میں متحد و منظم ہو چکے ہیں، انھوں نے کہا کہ 15نومبر کا جلسہ بھارت کی بھی نیندیں حرام کر دے گا۔

انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پی پی پی اور جیالوں کو اپنا قبیلہ سمجھتے ہیں اور اپنے نانا اور والدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پارٹی کو ملک گیر سطح پر منظم کر رہے ہیں ،30نومبر لاہور کا جیالوں کا ملک گیر کنونشن پاکستان کی سیاست کا رخ بدل گا اور پنجاب کے اندر بھی پی پی پی کو نئی قوت ملے گی۔