محمد نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک ،دلیرانہ موقف پاکستانی قوم کے جذبات واحساسات کی حقیقی ترجمانی ہے ،چوہدری عبدالمجید

جمعہ 21 نومبر 2014 17:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک اور دلیرانہ موقف پاکستانی قوم کے جذبات واحساسات کی حقیقی ترجمانی ہے کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیئے بغیربھارت کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں پانڈو سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ قابل مذمت ہے وہ وزیر خزانہ منصوبہ بندی وترقیا ت چوہدری لطیف اکبر،وزیر بحالیات عبدالماجد خان،پارلیمانی سیکرٹری صدف شیخ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ کشمیر اور پاکستان لازم وملزوم ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان کا کشمیر کی سرزمین پر آنا کشمیریوں کے لیے انتہائی اطمینان کا باعث ہے۔کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کی قیادت کو خوش آمدید کہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کونسل کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان جس طرح مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا وہ پاکستانی اور کشمیری قوم کے جذبات کے حقیقی ترجمانی ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیری حربے استعمال کرتے ہوئے مذاکرات سے راہ فرار اختیار کرنا چاہتا ہے مگر وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب نہیں ہوئے تمام مسائل کا حل مذکرات سے ہی ممکن ہے۔خطہ میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے بھارت کی قیادت ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے جلد از جلد پاکستان کے ساتھ مذکرات شروع کرے اور ان مذکرات میں کشمیریوں کو بھی نمائندگی دی جائے۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاک فوج کے سپہ سالار جنرل راحیل شریف نے بھی جی ایچ کیو میں یوم شہدا کی تقریب اور کاکول اکیڈمی میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت کا اعادہ کیا اس پر بھی ہم ان کو مبارک باد دیتے ہیں ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی جس کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہے اس نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ملکی وبین الاقوامی سطح پر ہمیشہ آواز بلند کی اور شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام متحدہ میں اپنے خطاب کے علاوہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اوآئی سی کے کشمیر رابطہ گروپ میں کشمیریوں کو مبصر کے طور پر نمائندگی دلائی اور بعد ازاں سابق صدر پاکستان اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں کو ان کا اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کبھی بھی مسئلہ کشمیر پر پسپائی اختیار نہیں کی اور ہمیشہ کھل کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ آزاد کشمیر حکومت نے آزادکشمیر کو تحریک آزادی کا حقیقی بیس کیمپ بنادیا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک ہم یہ جدوجہد جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم نے گزشتہ روز پانڈو سیکٹر میں بھارتی فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجہ میں شہید فوجی جوان کو اس کی عظیم قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔