مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے جاپان ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے ‘ایشیاء میں جاپان کا ایک اہم اور منفرد کردارہے ‘منفرد کردار کو آگے بڑھانے کیلئے اسکے پاکستان اور انڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ‘جاپان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے،

آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جاپان کے سفیر مسٹرہیروشی انوماٹا سے بات چیت

منگل 16 دسمبر 2014 20:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 دسمبر 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لئے جاپان ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے کیونکہ ایشیاء میں جاپان کا ایک اہم اور منفرد کردارہے اور اس منفرد کردار کو آگے بڑھانے کے لئے اسکے پاکستان اور انڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں لہذا جاپان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

جاپان کیونکہ دوسری جنگ عظیم میں خود بھی ہیرو شیما اور ناگا ساکی میں ایٹمی تباہی کا شکار ہوا اور اسکے اثرات آج بھی جاپانی معاشرے میں موجود ہیں لہذاوہ پاک، بھارت جو کہ ایٹمی طاقتیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی چھوٹا سا واقعہ یا حادثہ ایک بڑی جنگ کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے جوکہ پوری دنیا کے امن کے لئے خطرے کا باعث ہو سکتا ہے لہذا جاپان دنوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ کو روکنے اورخطے میں قیام امن کے لئے مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپناکردار ادا کرے اور اس سلسلے میں کئی یورپین ممالک اور ادارے انٹراء کشمیر ڈائیلاگ سمیت مختلف اقدامات اٹھانا چاہتے ہیں جس کے لئے انھیں ایک ایشیائی ملک کا ساتھ درکار ہے جسکے لئے جاپان ایک موزوں ملک ہے اور ایک اہم رول ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آاج یہاں اپنی رہائش گاہ پر جاپان کے سفیر مسٹرہیروشی انوماٹا(Hiroshi Inomata)سے ایک گھنٹے کی ملاقات میں کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جاپان کے سفیر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ کشمیری عوام بھارتی فوج کی گولیوں کا جواب کبھی پتھروں اور نعروں سے دیتے ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات میں کشمیری عوام کو شریک کیا جائے تاکہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکل سکے۔