وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کی اپیل پرکچھراٹ میں پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا

ہفتہ 20 دسمبر 2014 16:24

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء) وزیر اطلاعات،زراعت و لائیو سٹاک و اسماء سید بازل علی نقوی کی اپیل پر حلقہ 2 میں پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا گیا۔ لچھراٹ کے عوام نے تمام یونین کونسلوں میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کے لیے دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا۔ یونین کونسل مظفرآباد میں ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہاکہ سانحہ پشاور قابل مذمت ہے، پاک فوج نے تمام چیلنجوں کا مقابلہ انتہائی بہادری جرات اور پامردی سے کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج جراتوں کی عظیم داستاں ہے۔ جس کو اس طرح کے وحشیانہ حملوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ پشاور پر ہمارا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس قدر ببھیانک حملہ ہے جس کا شکار ہونے والوں کے دکھ اور در د کو بیان کرنے کے لیے ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں مگر ہمارے دل ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جو اس دکھ کا شکار ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کے آفیسران ، جوانوں اور ان کے خاندانوں پر فخر ہے جنہوں نے سبز حلالی پرچم کو سر بلند رکھنے اور عوام کو محفوظ بنانے کے لیے شہادتوں کی لازوال داستان مرتب کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں قائم پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت میں سانحہ پشاور پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا۔

پورے آزادکشمیرمیں دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ ریاستی پرچم سرنگوں رہا اور زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد خواتین وکلاء، صحافیوں ، اساتذہ ، پروفیسرز، ڈاکٹروں اور طلباء نے پاک فوج کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا بھرپور اظہار کیا اور ان خاندانوں سے عقیدت ظاہر کی جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ تقریب کے آخر میں سانحہ پشاور کے شہداء کے درجات کی سربلندی اور ملک میں امن و امان کی قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔