بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، وسطی سندھ میں کہیں کہیں بارش، کشمیر، مالاکنڈ، ژوب، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں برف باری کا امکان

منگل 20 جنوری 2015 13:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جنوری 2015ء) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد راولپنڈی سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، وسطی سندھ میں کہیں کہیں بارش، کشمیر، مالاکنڈ، ژوب، کوئٹہ اور گلگت بلتستان میں برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، مکران ڈویژن، پنجگور، ماڑا اور گوادر میں کہیں کہیں بارش ‘ گلگت کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا۔

(جاری ہے)

سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، کوئٹہ، ژوب، نصیرآباد، ڈی جی خان، پشاور اور ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں بارش جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ جمعہ کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس جنوری میں کم بارش جبکہ مارچ میں زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔