کشمیر خطہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ‘حل نہ ہوا تو دو ملکوں کے درمیان ایٹمی تصادم ہوسکتا ہے‘ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری ہیں جنکو شامل کیئے بغیر مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے‘ بھارتی ہٹ دھرمی خطہ کے امن کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے

آزادکشمیر کے وزیر قانون و آبپاشی اظہر حسین گیلانی کی میڈیا سے بات چیت

منگل 24 مارچ 2015 16:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) آزادکشمیر کے وزیر قانون و آبپاشی اظہر حسین گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر خطہ کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اگر حل نہ ہوا تو دو ملکوں کے درمیان ایٹمی تصادم بھی ہوسکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری ہیں جنکو شامل کیئے بغیر مذاکرات کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔‘ بھارتی ہٹ دھرمی خطہ کے امن کیلئے خطرہ بنتی جارہی ہے۔

عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں درندگی انتہاء کو پہنچ چکی ہے‘ سر عام انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں‘ عالمی امن کے دعویدار مقبوضہ کشمیر میں سنگینیوں کا نوٹس لیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیاء کا پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔

پاک بھارت مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات کو باہمی گفت و شنیدکے ذریعے حل کریں ‘ مذاکرات میں کشمیریوں کی شمولیت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میں کشمیر کے مسئلہ پر جنگیں ہوئی‘ دونوں ممالک اب ایٹمی پاور ہیں‘ کشیدگی سے جنوبی ایشیاء سمیت پوری دنیا کے امن کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ عالمی برادری اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قرارداد پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور بھارت کو پابند کرے کہ وہ جلد از جلد مقبوضہ وادی سے اپنی افواج کا انخلاء کرے۔