بھارت 20لاکھ سے زائد کشمیری مہاجرین کو اپنے گھروں میں واپس جانے کا حق فراہم کرے ،عبدالرشید ترابی

جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی کارکن آج سے ہی تیاری کریں،امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر

بدھ 6 مئی 2015 17:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی شہریوں کو بسانے کے بجائے 20لاکھ سے زائد کشمیری مہاجرین کو اپنے گھروں میں واپس جانے کا حق فراہم کرے ،حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے سازش کرنے والے بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے کے لیے اقوام متحدہ ،او آئی سی ، عالمی عدالت انصاف سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں میں آواز بلند کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ذمہ دارن کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر نائب امراء ڈاکٹر خالد محمود،نورالباری،محمود الحسن چودھری اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی آزاد کشمیر ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا ،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بھارت اسٹیٹ سبجیکٹ کے قانون کی بڑی ڈٹھائی کے ساتھ خلاف ورزی کررہا ہے عالمی ادارے اس کا نوٹس لیں ،اقوام متحدہ کی طرف سے بار ہا یہ واضح کیا جا چکا ہے ریاست کی ہئیت کی تبدیلی کا کسی بھی حکومت کو حق نہیں بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے جو کچھ کررہا ہے وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی رو سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے خلاف کر رہا ہے ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں نظام کی تبدیلی کے لیے بھرپور عوام رابطہ مہم شروع کر دی ہے راولاکوٹ،سدھنوتی اور کوٹلی میں قائد پاکستان امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا فقید المثال استقبال کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ عوام رابطہ مہم کے دوران ہزاروں افراد کو جماعت اسلامی کا ممبر بنایا جائے گا اور اس مہم کے دوران ریاست کے موثر افراد کو جماعت اسلامی میں شامل کیا جائے گا ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی امید کی واحد کرن ہے کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنے کا ایجنڈا صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے تبدیلی چاہنے والے افراد ہمارے دست وبازو بنیں تا کہ ظلم پر مبنی اس نظام کو ختم کیا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں میرٹ کی پامالی ظلم اور نا انصافی کا دور دورہ ہے تعمیراتی کام ٹھپ پڑے ہیں وزراء تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں ان حالات میں جماعت اسلامی میدان میں نکلی ہے کارکن اور ذمہ داران جماعت ایک ایک فرداور ایک ایک گھر تک اس دعوت کو پہنچائیں اپنی تنظیم مضبوط کریں تاکہ رائے عامہ کے ذریعے تبدیلی لائی جا سکے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور انداز سے حصہ لے گی کارکن آج سے ہی تیاری کریں۔