اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھایا جانا چاہیے، بیرسٹر سلطان محمود

سیاسی، سماجی اور نظریاتی وابسطگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے،بیرسٹر سلطان پا کستان اس وقت بہتر پوزیشن میں ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائے، ملیحہ لودھی

بدھ 6 مئی 2015 17:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 مئی۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا میں جہاں جہاں بھی کشمیریوں نے اپنی جدوجہد سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ہے وہاں پر ضرورت اس امر کی ہے اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔لندن ملین مارچ کے بعد پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر پہنچانا گیا اوراس ملین مارچ کے بعد کشمیریوں کا پیغام پوری انٹرنیشنل کمیونٹی تک واضح طور پر پہنچا۔

لہذا اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی، سماجی اور نظریاتی وابسطگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے ایک گھنٹے کی تفصیلی ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور وہاں پر جاری بھارتی مظالم کی نئی لہر اور بربریت میں اضافے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ میں اسی لئے بیرون ممالک کے دورے پر آیا ہوں کہ دنیا کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی سے آگاہ کیا جائے۔اس موقع پراقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان کے لئے یہاں اقوام متحدہ میں اب بہتر ماحول ہے اور پاکستان اس وقت بہتر پوزیشن میں ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائے۔جبکہ کشمیریوں کی وجہ سے بھی دنیا مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں سمجھنا شروع ہو گئی ہے۔اسی طرح پاکستان بھی کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔