اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم خو شگوار ، گرمی ،لوڈشیڈنگ اور مچھرکے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانسس لیا

ہفتہ 9 مئی 2015 11:45

اسلام آباد /لیہ /سبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے کئی علاقوں میں بارش سے موسم خواشگوار ہوگیا ،بارش سے گرمی ،لوڈشیڈنگ اور مچھرکے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانسس لیا ،محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے علاقوں میں چارسے پانچ روز میں تیز ہواوٴں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ ہفتہ سے بدھ کے دوران اسلام آباد ، پنجاب میں ملتان ، ڈی جی خان ، بہاولپور ، راولپنڈی ، سرگودھا ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ساہیوال اور لاہور ڈویڑنز ، فاٹا میں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش متوقع ہے ، اس دوران خیبر پختونخواہ میں پشاور ، کوہاٹ ، مالاکنڈ ، مردان ، ہزارہ ، ڈی آئی خان ، بنوں ڈویژنز ، بلوچستان میں کوئٹہ ، ژوب ، قلات ، سبی اور نصیرآباد ڈویژنز ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مختلف اوقات میں تیز ہواوٴں ، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ اور پیر ، منگل کے دوران سندھ کے میرپور خاص ، سکھر ، لاڑکانہ ڈویژنز میں چند مقامات پر گردآلود ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ روز کے دوران موسم کی صورتحال غیر یقینی رہے گی۔ اس دوران پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور فاٹا کے کاشتکار گندم کی کٹائی ، گہائی کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ گزشتہ روز سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نورپورتھل ، شہید بینظیر آباد 46 ، سبی 45 ، سکھر ، بھکر ، بہاولنگر اور موہنجوداڑو میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔