مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کیخلاف مقبوضہ علاقے میں بھارت کیخلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کی جانی چاہئے، انجینئرہلال احمد وار

پیر 11 مئی 2015 16:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما انجینئر ہلال احمد وارنے حریت قائدین سے کہاہے کہ اگر بھارت مسلسل مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کرتا ہے تو مقبوضہ علاقے میں سول نافرمانی تحریک شروع کی جانی چاہئے ۔ہلال احمد وارنے سوپور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام کو چین سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ انہیں بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہابھارت اگرکشمیر کے تئیں اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتا اوروہ کشمیر یوں کے جذبہ کو دبانے کی کوششیں جاری رکھتا ہے تو ہمیں ایسی صورت میں چین سے اپیل کرنی چاہیے کہ وہ بڑے بھائی کاکردار ادا کرتے ہوئے انہیں بھارتی تسلط سے نجات دلانے کیلئے اہم کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کے باوجود بھارتی حکومت اس دیرینہ مسئلہ کے حل میں دانستہ طورپر تاخیر کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنی تاخیری پالیسی جاری رکھی تو جلد ہی اس کا حشر سابق سوویت یونین جیسا ہوگا۔ حریت رہنماء نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے اپنے تمام وعدوں سے مکر گیا خواہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہو یا پھر بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہروکے بھارتی پارلیمان یا سرینگر کے تاریخی لال چوک میں کئے گئے وعدے ہوں۔ انجینئر ہلال وار نے کہاکہ مزاحمتی قائدین کو مسئلہ کشمیر کے جلد از جلد حل کیلئے ایک جامع حکمت عملی اختیار کرنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کی طرف سے مزاحمتی قائدین کو عدم تعاون کی تحریک شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہیں جیسا کہ گاندھی نے برطانوی سامراج کے خلاف کی تھی ۔