مقبوضہ کشمیر، بھارتی پولیس کے ہاتھوں جموں میں سکھ نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے

مظاہرے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہو گئی

اتوار 7 جون 2015 16:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس کے ہاتھوں جموں میں ایک سکھ نوجوان کے قتل کے خلاف ضلع اسلام آباد کے علاقے مٹن،ضلع کولگام کے علاقے پالہ پورہ اور قاضی گنڈ کے علاقے میر بازار میں سکھ فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی مظاہرے کئے اور دھرنا دیا ۔ مٹن میں احتجاج کر رہے سکھ نوجوانوں نے جلوس نکالا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی جس سے پہلگام روڑ پر ٹریفک بند ہوگئی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کٹھ پتلی انتظامیہ اور بھارتی پولیس کے خلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ادھر ضلع کولگام کے علاقے پالہ پورہ میں بھی سکھوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور سڑک پر دھرنا دیا ۔مظاہرین قتل میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے اور متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہو گئی ۔ میر بازار قاضی گنڈ میں بھی سکھ فرقے سے وابستہ افراد احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اوروہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کررہے تھے۔

متعلقہ عنوان :