برما کے مسلمانوں پر ظلم وستم پر عالمی برادری ، امت مسلمہ کی خاموشی معنی خیز ہے، شوکت جاوید میر

ذوالفقار بھٹو شہید زندہ ہوتے تو اسلامی دنیا کا نقشہ کچھ اور ہوتا، ، اقوام متحدہ، عالمی برادری کو مسلم دنیا کیلئے دہرا معیار ختم کرنا ہوگا، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

منگل 9 جون 2015 18:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 جون۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے کہا ہے کہ برما کے مسلمانوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر عالمی برادری خصوصاً امت مسلمہ کی خاموشی معنی خیز ہے آج شہید ذوالفقار علی بھٹو زندہ ہوتے تو اسلامی دنیا کا نقشہ کچھ اور ہوتا انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مسلم دنیا کے لیئے دوہرا معیار ختم کرنا ہو گا جب تک مسلم عالمی راہنما قائد عوام کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسلم دنیا کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیئے اپنا ایک متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے کے لیئے اتحاد نہیں کرتے مسلم ممالک کے عوام کودرپیش مسائل حل نہیں ہو سکتے ۔

شوکت جاوید نے برما کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہونے والی بدترین عالمی دہشت گردی ،انسانی جانوں کی ہلاکتوں پر اقوام متحدہ ،یورپی یونین ،او آئی سی سمیت بااثر ممالک سے مطالبہ کیا کہ برما میں مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیئے ہنگامی اقدامات عمل میں لائے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد عوام کی شہادت کے واقعہ نے پوری مسلم دنیا کو ایک عظیم مسلم راہنما سے محروم کر دیا شوکت جاوید نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ افہام و تفہیم سے حکومت اور اپوزیشن ملک کے عوام کے حالات زندگی تبدیل کرنے اور ملکیت کی نظریاتی سرحدوں اور اساس کی حفاظت اور استحکام کے لیئے اپنا کردار ثابت قدمی سے ادا کریں ۔

وزیر اعظم پاکستان محمد نوازشریف اور سابق صدر وشریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کی قومی یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف کی جانیو الی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں وفاقی حکومت کی طرف سے تمام سیاسی وعسکری قیادت کو یکجا کرنے اور قومی سطح پر دہشتگردی کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنے کے عمل میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں عوام کی جانب سے بھرپور تائید وحمایت کرتے ہیں۔

شوکت جاوید نے کہا کہ جب تک ریاست جموں وکشمیر بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ نہیں بنتی ہماری لازوال قربانیوں کی لہو رنگ جہد مسلسل نشان منزل کے حصول تک جاری رہے گی ۔بھارت کی طرف سے حریت قیادت کی آئے روز گرفتاریوں ،بلاجواز مقدمات ،ریاستی جبرو تشدد ،8لاکھ قابض افواج کے ظالمانہ وحشیانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹراور سیکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا فیصلہ کن کردار ادا کریں ۔