حریت رہنماؤں کی آزاد کشمیر کے قیدی کے زیر حراست قتل کی مذمت

آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان وحید نور خان کے قتل کی ذمہ دار کٹھ پتلی حکومت ہے ٗ میر واعظ عمر فاروق آزاد کشمیر کے شہری کو ایک منصوبے بند سازش کے تحت قتل کیا گیا ٗآسیہ اندرابی قیدیوں کے تحفظ اور سلامتی کی ذمہ داری کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے ٗشاہد الاسلام

اتوار 21 جون 2015 17:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 جون۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنماؤں نے کہا ہے کہ سوپور میں ایک پولیس گاڑی کے اندر ہونے والے دھماکے میں آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان وحید نور خان کے قتل کی ذمہ دار کٹھ پتلی حکومت ہے۔ ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نوجوان کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نظر بندوں اور قیدیوں کی سلامتی کو یقینی بنانا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حالیہ واقعے سمیت گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سوپور میں پیش آنے والے بے گناہ لوگوں کے قتل کے تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتے ہیں۔ دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے ایک بیان میں کہا کہ آزاد کشمیر کے شہری کو ایک منصوبے بند سازش کے تحت قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کے حالیہ شر انگیز بیان کے تناظر میں آزادکشمیر کے قیدی کے قتل میں خفیہ بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھ کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ حریت رہنما سید سلیم گیلانی نے کہا کہ وحید نور خان کو جس طرح سے قتل کیا گیا وہ انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شاہدا لاسلام نے ایک بیان میں کہا کہ قیدیوں کے تحفظ اور سلامتی کی ذمہ داری کٹھ پتلی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے جس میں وہ ناکام رہی۔

حزب المجاہدین نے ایک بیان میں کہا کہ نور خان کوبھارتی پولیس نے بالکل اسی طرح سے قتل کیا جس طرح سے اس نے شکیل المعروف عبداﷲ کو جولائی 2013میں قتل کر دیا تھا۔ یا درہے کہ ہفتے کے روز سوپور کے علاقے ہائی گام میں پولیس کی ایک گاڑی میں دھماکیکے نتیجے میں وحید نور خان نامی ایک قیدی جاں بحق ہو گیا تھا۔ بھارتی پولیس نے قیدی کاتعلق آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ سے بتایا ہے۔ جب دھماکہ ہوا تھا تو اس وقت وحید نور خان کو سوپور میں ایک مقدمے کی سماعت کے بعد واپس سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا جا رہا تھا۔