جموں وکشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کے ساتھ کسی قسم کی تعمیرات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے‘ ترجمان دفترخارجہ قاضي خلیل الله

جمعرات 25 جون 2015 18:48

اسلام آباد ۔ 25 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 جون۔2015ء) پاکستان نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر متنازعہ علاقہ ہے، بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کے ساتھ کسی قسم کی تعمیرات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، درایں اثناء بھارت سے ایم کیو ایم کو مالی امداد کی فراہمی کا دفترخارجہ نے نوٹس لیا ہے،پاکسان کے داخلی امور میں بھارتی مداخلت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا مثبت جواب نہیں دیا، طالبان اور افغآن حکومت کے نمائندوں کے درمیان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان سہولت کنندہ کا کردار ادا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار دفترخارجہ کے ترجمان قاضي خلیل الله نے جمعرات کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کیا۔

(جاری ہے)

بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن کے ساتھ دیوار تعمیر کرنے کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں متنازعہ علاقہ کنٹرول لائن کے ساتھ تعمیرات کی اجازت نہیں ہے۔پاکستان کے داخلی امور میں را کی مداخلت کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ ایسی مداخلت اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

بھارت سے ایم کیو ایم کو مالی امداد کے الزام سے متعلق بی بی سی کی رپورٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہاکہ دفترخارجہ نے اس رپورٹ کا نوٹس لیا ہے اور متعلقہ وزارتیں مزید کارروائی پر غور کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن استحکام اور سلامتی کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے اس نے خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے ہمسائیگی کے تعلقات کی پالیسی اختیار کی ہے۔

امید ہے کہ بھارت بھی پاکستان کی کوششوں کا اسی جذبے سے جواب دے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو جامع مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ رواں سال مارچ میں بھارت کے خارجہ سیکرٹری کے پاکستان کے دورے کے دوران پاکستان نے با مقصد اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن ابھی تک بھارت نے اس کا مثبت جواب نہیں دیا۔

ترجمان نے پابندیوں پر عملدرآمد نہ کرانے کے حوالے سے بھارتی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک تکنیکی معاملے کو سیاسی رنگ دے رہا ہے اور عالمی توجہ ہٹآنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے بھارت کی سیکورٹی خارجہ کی وزارت کے بیانات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کسی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں نہیں دیں۔

بھارت خود جموں کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ چین میں طالبان اور افغان حکومت کے نمائندوں کے درمیان حالیہ ملاقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان نے اس ملاقات کیلئے سہولت کنندہ کا کردار ادا کیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان بار بار کہہ چکا ہے کہ وہ افغان عوام کی طرف سے شروع کئے جانے والے مفاہمتی عمل کیلئے ہر ممکن تعاون اور مدد کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہاکہ طالبان اور افغان حکومت کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کے آئندہ دور کی تاریخوں کا وہ خود تعین کر رہے ہیں۔ ترجمان نے یقین دلایا کہ جب بھی تاریخوں کا تعین ہوگیا پاکستان اس مفاہمتی عمل کیلئے بھرپور مدد وتعاون کرے گا۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان کابل میں افغان پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ولیسی جرگہ پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف دفترخارجہ اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے اس حملے کے خلاف سخت بیانات جاری کئے۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے۔ پاکستان نے افغانستان کی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے امید ہے کہ یہ تعاون جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے تصدیق کی کہ پاکستان کے دفاعی تجزیہ نگار زاہد حامد کو سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا ہے اور پاکستانی سفارتخانے نے دفترخارجہ کو بتایا کہ انہیں دو ہفتے پہلے گرفتار کیا گیا تھا۔پاکستان انہیں قونصلر سطح پر رسائی دینے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ زاہد حامد کی اہلیہ سے ٹیلی فون پر ان کی بات کرائی گئی ہے جبکہ 30 جون کو زاہد حامد کی اہلیہ کے ساتھ ملاقات کیلئے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔